گلوکار سلیم شہزاد کی حکومت پاکستان سے علاج میں مدد کی اپیل

شوبز رپورٹر  بدھ 5 جنوری 2022
سلیم شہزاد نے تین ہزار سے زائد پاکستانی فلموں میں گیت گائے (فائل فوٹو)

سلیم شہزاد نے تین ہزار سے زائد پاکستانی فلموں میں گیت گائے (فائل فوٹو)

 لاہور: پاکستان کے معروف گلوکار سلیم شہزاد نے حکومت پاکستان سے آنکھوں کے آپریشن میں مدد کی اپیل کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 3 ہزار پاکستانی فلموں میں گیت گانے والے سنئیر گلوکار سلیم شہزاد کی غلط علاج اور انجکشن کی وجہ سے آنکھوں کی 80 فیصد بینائی متاثر ہوئی ہے۔

گلوکار سلیم شہزاد نے حکومت پاکستان سے آنکھوں کے آپریشن کے لئے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غلط علاج کی وجہ سے نہایت اذیت میں مبتلا ہوگیا ہوں، اب آنکھوں کی صرف 20 فیصد بینائی باقی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ خدارا علاج کے معاملے میں مدد کی جائے اس سے پہلے کہ میں مکمل بینائی سے محروم ہوجاؤں۔

سلیم شہزاد نے جن مشہور فلموں کے گانے گایے ان میں ’ہیرا اور پتھر، تلاش، غریبوں کا بادشاہ، سوغات، بھائی جان، آوارہ گرد جیسی قابلِ ذکر فلمیں شامل ہیں۔ انہوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک ریڈیو پاکستان میں بھی کام کیا جبکہ ٹی وی سیریز کی مکالمہ نگاری میں بھی سلیم شہزاد کافی مقبول رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔