مری میں جاں بحق ہونے والوں میں تھانہ کوہسار کے اے ایس آئی اوران کے اہل خانہ بھی شامل

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 جنوری 2022
واقعے میں اے ایس آئی نوید ان کی 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوئے، پولیس- فوٹو:فائل

واقعے میں اے ایس آئی نوید ان کی 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوئے، پولیس- فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مری میں جاں بحق ہونے والوں میں تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی نوید اور ان کے خاندان کے 8 افراد بھی موت کے منہ میں چلے گئے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق مری اور گلیات میں شدید برفباری اور گاڑیوں کے پھنس جانے کے باعث شدید سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہوچکی ہے، ان بدنصیب افراد میں تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی نوید اور ان کا خاندان بھی تھا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی نوید اور ان کے خاندان کے 7 سے 8 افراد بھی ایک گاڑی میں سوار تھے، تمام افراد برف باری اور سردی میں جان کی بازی ہار گئے۔ سوشل میڈیا پر گاڑیوں میں ہی دم توڑنے والے افراد کی ویڈیوز بھی وائرل ہورہی ہیں، اور ایک ویڈیو کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ ویڈیو اے ایس آئی نوید اور ان کے اہل خانہ کی ہے، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کی اگلی سیٹ پر ایک کمسن بچی اور گاڑی کی پچھلی سیٹ پر ایک خاتون اور ان کی گود میں ایک بچی جب کہ ساتھ ہی ایک بچہ ساقط حالت میں ہی موت کی وادی میں چلے گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مری واقعے میں اے ایس آئی نوید ان کی 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوئے، جب کہ اے ایس آئی سمیت فیملی کے جاں بحق پانچ افراد کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔