ریکوڈک معاہدہ عوام کے سامنے کیا جائیگا،وزیراعلیٰ بلوچستان

محمد شعیب  جمعرات 13 جنوری 2022
بلدیاتی انتخابات کا اعلان 15سے 20روز میں ہو جائیگا، ہماری نیت میں کھوٹ نہیں۔ فوٹو:فائل

بلدیاتی انتخابات کا اعلان 15سے 20روز میں ہو جائیگا، ہماری نیت میں کھوٹ نہیں۔ فوٹو:فائل

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ صوبے کی عوام کے سامنے ہوگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست اپنے ناراض بچوں کو سینے سے لگانے کیلیے تیار ہے، باہر بیٹھے ناراض بلوچوں سے رابطے ہیں انھیں جلد منا لیں گے، پہاڑوں پر لڑنے والے لوگوں کے گلے شکوے بیٹھ کر حل کیے جاسکتے ہیں،بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان آئندہ 15سے 20دنوں میں ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے بڑی قربانی دی، ریکوڈک منصوبے سے بلوچستان کو 25 فیصد سے زائد شیئرز ملیں گے، معاہدہ صوبے کی عوام کے سامنے ہوگا،تیس سے چالیس ارب روپے مقامی آبادی پر خرچ ہوں گے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق حکومت عالمی عدالت انصاف میں ریکوڈک کا مقدمہ ہار چکی ہے جب میں وزیراعلیٰ منتخب ہوا اسکے اگلے ہی روز سے ریکوڈک منصوبے سے متعلق پندرہ سے بیس اجلاسوں میں شریک ہوا ہوں۔بلوچستان کے وسائل کو بلوچستان کے عوام کے لئے بروئے کار لانا میرا قومی فریضہ ہے میری نیت میں کھوٹ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لئے بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا اور آئندہ پندرہ سے بیس دنوں میں باقاعدہ  فیصلے کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔