ای سی سی نے نیپرا کو بجلی کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار دیدیا

وزیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس، وزارت تجارت کو4لاکھ ٹن چینی کی برآمد سے روک دیا گیا


Numainda Express February 14, 2014
آئی ایم ایف کا پاکستانی معیشت پر اظہاراطمینان، بریفنگ: واپڈا کے 14 اداروں کی نجکاری تک بجلی کی قیمت خریدکوٹیکس سے مستثنیٰ قراردینے کی منظوری۔ فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے9بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت واپڈا کے چودہ کارپوریٹائزڈ اداروں کی نجکاری تک بجلی کی قیمت خریدکوکم ازکم ٹیکس سے مستثنیٰ قراردینے کی منظوری دیدی تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین ومانیٹرنگ کا نیا نظام متعارف کروانے کے حوالے سے سمری موخرکردی اوراس کیلئے ایک اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی جوجائزہ لیکرسفارشات ای سی سی کو پیش کریگی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس گزشتہ روزوفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں پرعملدرآمدکاجائزہ لیتے ہوئے ای سی سی نے اپنے فیصلوں پر عملدرآمدکی صورتحال کو اطمینان بخش قراردیا۔ بریفنگ میں بتایاگیاکہ آئی ایم ایف نے پاکستان میں جی ڈی پی کی نموکااندازہ 2.8 فیصدسے بڑھاکر3.1 فیصدکردیاآئی ایم ایف نے پاکستان میں معیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے پر اطمینان کااظہار کیا ای سی سی نے وزارت بجلی کی جانب سے ایف بی آرکے 21 فروری 2008 کے ایس آراومیں ایک سال کی توسیع سے متعلق سمری کی اصولی منظوری دیدی اوراس ضمن میں کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔