بھارت براستہ پاکستان 50 ہزار ٹن گندم افغانستان بھیجے گا

مانیٹرنگ ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
2 ماہ کی بات چیت کے بعد زمینی راستے سے امداد بھیجنے پر اتفاق ہوگیا، بھارتی میڈیا۔ (فوٹو : فائل)

2 ماہ کی بات چیت کے بعد زمینی راستے سے امداد بھیجنے پر اتفاق ہوگیا، بھارتی میڈیا۔ (فوٹو : فائل)

اسلام آباد: بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے راستے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی امداد افغانستان بھیجے گا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سے 2ماہ کی بات چیت کے بعد افغانستان کو زمینی راستے سے بھارتی امداد بھیجنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹوں کے مطابق 50 ہزار میٹرک ٹن بھارتی گندم اٹاری واہگہ بارڈر سے پاکستان بھیجی جائے گی جہاں سے گندم اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی امداد کے ساتھ طورخم بارڈر سے افغانستان پہنچائی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ گندم کی فراہمی فروری کے دوسرے ہفتے سے شروع ہو گی، پاکستان نے بھارت کی جانب سے واہگہ بارڈر کے راستے افغانستان 50 ہزار ٹن گندم بھجوانے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان پہلے ہی انسانی امداد بھجوانے کی منظوری دے چکا ہے، بھارت کے ساتھ تمام تفصیلات شیئر کی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ پہلی کھیپ سے متعلق گزشتہ 2 ہفتوں سے بھارتی حکومت کی طرف سے معلومات کا انتظار ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔