اسلحہ و منشیات اسمگلنگ کی روک تھام مزید 2 خصوصی پولیس یونٹ بنانے کا فیصلہ

دونوں یونٹس کا اسٹرکچر بنانے کی ذمے داری ڈی آئی جی سی آئی اے کو سونپ دی گئی


Staff Reporter February 16, 2022
ایک خصوصی یونٹ آئس ،کرسٹل، ہیروئن اوردیگر خطرناک منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کام اوریہ معلوم کرے گا کہ منشیات کہاں سے آتی ہے - فوٹو:فائل

سندھ پولیس میں مزید 2 خصوصی یونٹس کے قیام کا فیصلہ کرلیاگیا۔

آئی جی سندھ مشتاق مہر اورایڈیشنل آئی جی کراچی نے مشترکہ طور پر اس بات کا فیصلہ کیا ہے سندھ پولیس میں مزید 2 خصوصی یونٹ قائم کیے جائیں،دونوں یونٹس کا اسٹرکچر بنانے کی ذمے داری ڈی آئی جی سی آئی اے کو سونپ دی گئی جس پرباقاعدہ کام شروع کردیا گیا ہے۔

معتبرذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اے وی سی سی اور اے وی ایل سی کے طرز پربنائے جانے والا ایک خصوصی یونٹ آئس ،کرسٹل، ہیروئن اوردیگر منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کام کرے گا اور یہ معلوم کرے گا کہ منشیات کہاں سے آتی ہے اور کن کن راستوں سے ہوتے ہوئے شہر تک پہنچتی ہے ، شہر میں ان کے بڑے چھوٹے خریدار کون کون ہیں اور کہاں یہ منشیات خروخت کی جاتی ہے۔

خصوصی یونٹ خطرناک منشیات کے اسمگلنگ میں ملوث گروہ کا خاتمہ بھی کرے گا جبکہ دوسرا خصوصی یونٹ غیر قانونی اسلحے کی ترسیل کی روک تھام کے لیے نہ صرف کام کرے گا بلکہ علاقہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزمان سے جو اسلحہ برآمد ہو گا اس کا ڈیٹا مرتب کریگا اورغیر قانونی اسلحہ کن کن راستوں سے ہوتے ہوئے شہر میں داخل ہوتا ہے اورساتھ ساتھ غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل میں ملوث گروہوں کا قلع قمع کریگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک پرپوزل تیارکیا جا رہا ہے جوآئی جی سندھ اورایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کیا جائے گا اوران کی منظوری کے بعد دونوں خصوصی یونٹس تشکیل دے دیے جائیںگے،ذرائع نے مطابق دونوں خصوصی یونٹس کے سربراہ الگ الگ اور ایس پی رینک کے افسران ہوںگے۔