میک کولم ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے کیوی کرکٹر بن گئے

حنیف محمد کے بعد سیکنڈ اننگز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے پلیئر


Sports Desk February 19, 2014
حنیف محمد کے بعد سیکنڈ اننگز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے پلیئر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

برینڈن میک کولم نے ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

انھوں نے مارٹن کرو کا سب سے بڑی اننگز کا مقامی ریکارڈ توڑا جو انھوں نے سری لنکا کے خلاف اسی وینیو پر 299 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ میک کولم، حنیف محمد کے بعد دوسری اننگز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ، برینڈن میک کولم ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے آٹھویں کپتان ہیں، آخری مرتبہ ایساآسٹریلوی قائد مائیکل کلارک نے سڈنی میں 2012 میں بھارت ہی کیخلاف 329 رنز اسکور کرکے کیا تھا۔ میک کولم ایک سیریز میں ڈبل اور ٹرپل سنچری اسکور کرکے ڈان بریڈمین اور ویلی ہیمونڈ کے بھی ہمسر ہوگئے، انھوں نے 775 منٹ تک بیٹنگ کی جو ٹیسٹ تاریخ کی آٹھویں طویل اننگز ہے، اس سلسلے میں ریکارڈ حنیف محمد کے پاس ہے جنھوں نے بارباڈوس ٹیسٹ میں 970 منٹ تک بیٹنگ کی تھی۔ نیوزی لینڈ نے 8 وکٹ پر 680 رنز بنائے جو دوسری اننگز کا کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اس سے قبل کیویز نے ہی سری لنکا کے خلاف اسی وینیو پر 1990-91 میں 671 رنز اسکور کیے تھے، یہ وہی ٹیسٹ تھا جس میں مارٹن کرو 299 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ جیمی نیشام ڈیبیو پر سنچری جڑنے والے نیوزی لینڈ کے دسویں کھلاڑی بنے،آخری مرتبہ یہ کارنامہ ہمیش ردرفورڈ نے گذشتہ برس انگلینڈ کے خلاف 171 رنز اسکور کرکے انجام دیا تھا، نیشام ڈیبیو پر آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کرنے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے جب کیویزکے بیٹنگ آرڈر میں ساتویں یا اس سے نیچے والے 2 کھلاڑیوں نے سنچری اسکور کی۔ ویرت کوہلی نے کیریئر کی چھٹی ٹیسٹ سنچری بنائی مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ان کی دوسری اننگز میں پہلی سنچری ہے۔