مسلسل فٹنس مسائل محمد عرفان کا کیریئر داؤ پر لگ گیا

کولہے کی انجری سے نجات کیلیے آپریشن کرانا پڑے گا، رواں سال نہیں کھیل سکیں گے


Sports Reporter February 19, 2014
کولہے کی انجری سے نجات کیلیے آپریشن کرانا پڑے گا، رواں سال نہیں کھیل سکیں گے۔ فوٹو: فائل

مسلسل فٹنس مسائل کے سبب محمد عرفان کا کیریئر دائو پر لگ گیا، طویل القامت فاسٹ بولر کو کولہے کی انجری سے نجات کیلیے آپریشن کرانا پڑے گا، رواں سال ایکشن میں نظر آنے کا امکان باقی نہ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیسر محمد عرفان غیر معمولی جسمانی ساخت کی وجہ سے فٹنس کے حوالے سے نازک مزاج رکھتے ہیں،پاکستانی ڈاکٹرز اور فزیوز کے مشوروں کے برعکس انھیں جنوبی افریقہ سے سیریز میں تینوں فارمیٹ میں کھلایا گیا، وہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں کولہے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد اب تک انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل پائے،یوں فٹنس کی بحالی کیلیے کی جانے والی محنت بے کار گئی، پاکستانی ٹرینرز کو فارغ کیے جانے کے بعد عرفان کے مسائل حل کرنے کا چیلنج غیر ملکی ڈیل نائلر کو دیا گیا۔

انھوں نے دبئی میں چند سیشنز کے بعد محمد عرفان کو ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دیدی، پیسر ملتان ٹائیگرز کی طرف سے 2 میچز میں مجموعی طور پر 5 اوور ہی کر سکے اور انجری دوبارہ ہونے پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی واپس آگئے، ذرائع کے مطابق محمد عرفان کی ایم آر آئی رپورٹ موصول ہو گئی، ڈاکٹرز نے ان کی فٹنس بحال کرنے کیلیے آپریشن تجویز کر دیا ہے، جس کے بعد وہ کم از کم رواں سال ایکشن میں نظر نہیں آ سکیںگے، پیسر کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر اس کے بعد بھی ان کے کیریئر کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔