تھری وفورجی نیلامی سے 5ارب ڈالرآمدن متوقع ہےاسحاق ڈار

موسم بہار میں نجکاری معاملات کی بڑی سیریز مکمل کیے جانے کا امکان ہے


APP February 20, 2014
پی آئی اے کی تشکیل نوپرغورکیاجارہاہے، وزیرخزانہ، امریکی اخبارکو انٹرویو فوٹو:فائل

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے بعض مشکل فیصلے کیے، مستقبل میں فوائد حاصل ہوں گے۔

حکومت اس موسم بہار میں نجکاری معاملات کی ایک بڑی سیریز مکمل کرنے کی توقع رکھتی ہے جس سے غیرملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہو گا اور اصلاحات کی سست رفتاری کے بارے میں خدشات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ ایک معروف امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اثاثوں کی فروخت سے آمدنی ہوگی، تھری جی اور فور جی لائسنس کی نیلامی سے حکومت کو کم از کم 5 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے، حکومت پی آئی اے کی تقسیم کے ایک منصوبے پر غور کر رہی ہے، پی آئی اے کی تشکیل نو کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

شمالی امریکا سمیت مختلف روٹس پر پروازیں چلائی جائیں گی۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ جس طرح سے چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں میں اس سے بہت مطمئن ہوں اور ہم صحیح سمت جا رہے ہیں، معیشت کی بہتری اور استحکام کیلیے کچھ مشکل فیصلے کیے جس کے مستقبل میں فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 31 سرکاری کمپنیوں میں موجود اسٹیک کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پٹرولیم کمپنیز، حبیب بینک لمیٹڈ، الائیڈ بینک لمیٹڈ اور یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ کے اسٹیک کیپٹل مارکیٹ میں فروخت کیے جائیں گے جس سے 200سے 250 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، ان اثاثوں کی فروخت سے کراچی اسٹاک ایکسچینج کی حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملے گی۔