ایم کیوایم کوسندھ حکومت میں شامل کرنے کی کوششیں

وزیراعلیٰ اور ڈاکٹر عاصم کی گورنر سندھ سے ملاقات، ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے پر اتفاق


Staff Reporter February 20, 2014
کراچی:گورنر عشرت العباد سے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور ڈاکٹر عاصم ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: این این آئی

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے وزیراعلیٰ سیدقائم علی شاہ اورپیپلزپارٹی کے رہنما اورسندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹرعاصم نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی، جس میں پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اوردیگرامور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ اور ڈاکٹر عاصم حسین نے یہ ملاقات سابق صدرآصف زرداری کی ہدایت پرکی ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین سابق صدرآصف زرداری کے معتمد خاص ہیں اورپہلے بھی پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کے درمیان ثالث کاکردار ادا کرچکے ہیں کیونکہ انھیں دونوں جماعتوں کی قیادت کااعتماد حاصل ہے۔ذرائع نے بتایاہے کہ فوری طورپریہ نہیں کہاجا سکتاکہ ایم کیوایم حکومت سندھ میں شامل ہوجائیگی لیکن معاملات اسی طرف ہی بڑھ رہے ہیں،ایم کیو ایم وفاقی حکومت کے ساتھ بھی اپنے معاملات کومدنظررکھے ہوئے ہے لیکن مذکورہ ملاقات سے ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان خصوصاً کراچی کے معاملات کوبہترورکنگ ریلیشن شپ قائم ہوسکتی ہے۔

دریں اثناگورنر ہائوس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال،ترقیاتی کاموں اورسندھ کے ہائر ایجوکیشن کمیشن ،ٹارگٹڈآپریشن پرمتحدہ کے تحفظات سمیت دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدرآصف زرداری اورایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کے ویژن کے مطابق مفاہمتی عمل کو فروغ دینے اورصوبے اور شہرمیں ہم آہنگی کی فضاکوپروان چڑھانے کیلیے معاملات کوافہام وتفہیم کے ذریعے حل کرنے کے اقدامات پرزوردیااورامیدظاہرکی کہ سندھ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں پیپلزپارٹی اورایم کیوایم صوبے اورشہرکے مفاد میں اپنااشتراک رکھیں گی۔ ہائرایجوکیشن کمیشن کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم نے سرکاری جامعات کے معیارکوعالمی سطح پرلانے کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ تعلیم کے شعبے کو فوقیت دی جارہی ہے تاکہ دنیامیں اپنام قام حاصل کرسکیں۔