منوڑہ کے گہرے سمندر میں سطح آب پر تیرتی ہوئی دیوقامت مردہ وہیل برآمد

وہیل کی موت مبینہ طور پر بحری جہاز کے ٹکرانے کی وجہ سے ہوئی


Staff Reporter March 09, 2022
وہیل کو مسافر کشتی کے ذریعے منتقل کیا گیا (فوٹو ایکسپریس)

شہر قائد کے ساحل منوڑہ کے قریب دیوقامت مردہ برائیڈز وہیل پانی کی سطح پر پائی گئی جس کو مسافر کشتی کے ذریعے کراچی فش ہاربر منتقل کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کو کراچی فش ہاربر کے ماہی گیروں نے بتایا کہ بھاری بھرکم وہیل کی موت کسی بحری جہاز سے ٹکرانے وجہ سے ہوئی تاہم وہیل کے جسم پر جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں کوئی زخم دکھائی نہیں دیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق مردہ وہیل گزشتہ رات کراچی پورٹ کے ایسٹ ہارف پر تقریباً 2 بجے برتھ نمبر 3 کے سامنے تیرتی ہوئی مردہ پائی گئی اور صبح 4 بجے کے قریب بابا بھٹ کی طرف بڑھی۔ جسے مسافر کشتی نمبر 20462 (کیپٹن حسن جان) کے ذریعے کراچی فش ہاربر لے جایا گیا۔

حکام کے مطابق یہ تیسری برائیڈ وہیل ہے جو پاکستانی سمندری حدود میں مردہ پائی گئی، امکان ہے کہ اس کی موت ماہی گیری کے جال میں پھنسنے سے ہوئی۔ تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف محمد معظم خان کے مطابق یہ برائیڈز وہیل (Balaenoptera edeni brydei) ہے جو پاکستان میں پائی جانے والی تین کروڑ وہیلز میں سے ایک ہے۔

wheeel-1

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران یہ تیسری وہیل مردہ پائی گئی، اس سے پہلے اکتوبر 2021 میں سرکی کلمت خوڑ، دوسری جنوری 2022 میں چرنا جزیرے کے قریب مردہ حالت میں تیرتی ہوئی پائی گئی جبکہ اس نوعیت کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اور پاکستان میں بھی اس کی آبادی خطرناک حد تک کم ہو رہی ہے، وہیل کے تحفظ کے لیے ماہی گیروں اور عام لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔