حصص مارکیٹ مندی سے نکل آئی96 پوائنٹس کا اضافہ

60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی9 ارب78 کروڑ34 لاکھ1 ہزار142 روپے کا اضافہ ہوگیا۔


Business Reporter February 22, 2014
60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی9 ارب78 کروڑ34 لاکھ1 ہزار142 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں چھ کاروباری سیشنز میں مستقل مندی کے بعد جمعہ کو باالآخر مندی کے بادل چھٹ گئے اور مالیاتی نتائج کی بنیاد پر انسٹی ٹیوشنز کی خریداری کے باعث تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی25600 کی حد بحال ہوگئی۔

60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی9 ارب78 کروڑ34 لاکھ1 ہزار142 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان مذاکرات میں ڈیڈلاک اورجاری ملکی حالات کے تناظر میں سرمایہ کار اگرچہ مایوس ہیں لیکن گزشتہ 6 کاروباری سیشنز کے دوران انڈیکس میں مجموعی طور پر1200 پوائنٹس کی مندی کے سبب انسٹی ٹیوشنز نے بعض بڑی کمپنیوں اور بیشترچھوٹے اسٹاکس میں تازہ سرمایہ کاری کوترجیح دی جس سے مارکیٹ کا گراف غیرمتوقع طور پر بلندی کی جانب گامزن ہوا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر14 لاکھ78 ہزار 795 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا ۔

جس سے ایک موقع پر123.42 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے4 لاکھ2 ہزار988 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے6 لاکھ19 ہزار152 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے4 لاکھ56 ہزار656 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مندی کے اثرات زائل کردیے جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس96.55 پوائنٹس کے اضافے سے 25603.35 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس60.65 پوائنٹس کے اضافے سے18627.59 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 203.28 پوائنٹس کے اضافے سے 42297.43 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 18.19 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر23 کروڑ27 لاکھ 50 ہزار980 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار375 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں224 کے بھاؤ میں اضافہ، 134 کے داموں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔