ریکوڈک معاہدے پر دستخط، ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، عبدالقدوس بزنجو

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسی  پير 21 مارچ 2022
قومی معدنی دولت کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کیلیے ریفائنری بنانے پر غور۔ فوٹو: فائل

قومی معدنی دولت کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کیلیے ریفائنری بنانے پر غور۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ / اسلام آباد: وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کینیڈا کی کمپنی بیرک گولڈ کے درمیان ریکوڈک معاہدہ طے پا گیا۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کینیڈا کی کمپنی بیرک گولڈ کے درمیان بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں سونے اور تانبے کے ذخائر دریافت کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا، بلوچستان کو ریکوڈک منصوبے میں 25فیصد حصے کا شراکت دار بنایا گیا ہے صوبے میں10ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی، 1ارب روپے سماجی بہتری کے منصوبوں پر خرچ ہونگے۔

گزشتہ کے روز حکومت پاکستان، بلوچستان حکومت اور کینیڈا کی کمپنی بیرک گولڈ کے درمیان چاغی کے علاقے ریکوڈک میں سونے اور تانبے کے ذخائر دریافت کرنے کے سے متعلق ٹیتھیان کاپر کمپنی سے جاری تنازع کو حل کرتے ہوئے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزراء سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، معاہدے کے تحت ریکوڈک منصوبے پر کام کیلئے قائم کی جانے والی نئی کمپنی کا 50فیصد حصہ بیرک گولڈ جبکہ دیگر 50فیصد حصہ پاکستان کی ملکیت ہوگا جس میں وفاق اور بلوچستان 25،25فیصد حصے کے حق دار ہونگے۔

وفاق کا 25فیصد حصہ او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز پاکستان میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کیا جائیگا جبکہ بلوچستان کا حصہ حکومت بلوچستان کی ملکیت کمپنی کی ملکیت اور کنٹرول میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔