ریو ٹینسنڈال چیمپئن بن گئے فٹنس پر خدشات کا خاتمہ

فائنل میں یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف ہمت ہارگئے۔


Sports Desk/AFP February 25, 2014
فائنل میں یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف ہمت ہارگئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ نمبرون رافیل نڈال نے ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن کر اپنی فٹنس پر چھائے تمام خدشات کا خاتمہ کردیا، فائنل میں یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف ہمت ہارگئے۔

ویمنز سنگلز کی ٹرافی جاپانی پلیئر کرومی نارا کے نام ہوگئی، انھوں نے فائنل میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کی کارلازاکاپولووا کو پچھاڑ دیا، ڈیرلے بیچ مینز ٹینس کا ٹائٹل کروشیا کے مارن کلک نے اپنے قبضے میں کرلیا، جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن ناکام رہے، دبئی مینز ٹینس میں راجرفیڈرر نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے جرمن پلیئر بینجمن بیکر کو زیر کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسپینش ماسٹر رافیل نڈال نے ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر اپنی فٹنس پر چھائے تمام خدشات دور کردیے، انھوں نے فائنل میں یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو 6-3 اور7-6 سے شکست دی،13 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن نڈال نے کیریئر کا 48واں اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے کے دوران کسی بھی مرحلے پر اپنی کمر کی تکلیف کا شائبہ بھی نہیں ہونے دیا، یہ کلے کورٹ پر ان کا 43 واں کیریئر ٹائٹل بنا، 27 سالہ نڈال کو رواں برس مئی میں پیرس اوپن میں بھی فیورٹ قرار دیا جارہا ہے، جہاں وہ نویں مرتبہ چیمپئن بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ریو اوپن فائنل میں کامیابی کے بعد ڈولگوپولوف سے باہمی مقابلوں میں نڈال کی سبقت اب 5-0 ہوگئی، دوران میچ ڈولگوپولوف کو نڈال کی سروس بریک کرنے کا موقع بھی نہیں مل پایا، اسپینش اسٹار نے ان پر مکمل بالادستی قائم کیے رکھی، ویمنز سنگلز میں جاپانی پلیئر کرومی نارا نے اپنا پہلا ڈبلیو ٹی اے کراؤن جیت لیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کی کارلا زاکا پولووا کو6-1،4-6 اور6-1 سے مات دی۔ڈیرلے بیچ میںمنعقدہ 474000 ڈالر انعامی مالیت کے اے ٹی پی کے فائنل میں 7 سیڈ کروشیا کے مارن کلک نے جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن کو سخت مقابلے میں زیر کیا، ان کی جیت کا اسکور 7-6(8/6)،6-7(7/9) اور6-4 رہا۔ دوسری جانب پیر کو دبئی میں شروع ہونے والے مینز ٹینس ٹورنامنٹ میں سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے فاتحانہ آغاز کرلیا، انھوں نے پہلے راؤنڈ میں جرمن حریف بینجمن بیکر کو 6-1 اور6-4 سے مات دی، اطالوی کھلاڑی آندریس سیپی نے جرمن پلیئر فلورین میئر کو 4-6،6-1 اور7-5 سے قابو کیا، روس کے دیمتری ترسنوف نے سلواکین کھلاڑی لوکاس لیکو کو 7-5 اور6-1 سے شکست دی، اسپین کے روبرٹ بوٹیسٹا اگٹ نے رومانیہ کے ایڈرین اینگور کو 6-1 اور6-3 سے زیرکرلیا۔