حکومت نے توانائی کا بحران ختم کرنیکا عزم کر رکھا ہے صدر ممنون

اقتصادی پالیسیاں ملک کو قلیل عرصے میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کردیں گی


Numainda Express February 27, 2014
حکومت غریب طبقات کوبنیادی صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے ۔فوٹو:پی آئی ڈی

صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں ملک کو بہت قلیل عرصے میں ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کردیںگی جہاں عوام کا معیارزندگی قابل رشک ہوگا۔

عالمی مالیاتی اداروں نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو تسلیم کر لیا ہے جس سے ہماری بین الاقوامی ساکھ مستحکم ہوئی ہے، موجودہ حکومت توانائی کا بحران ختم کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔بدھ کو ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منور مغل، فائونڈر گروپ کے چیئرمین عبد الرئوف اور اسلام آباد چیمبرکے سابق صدور طارق صادق و معروف صنعتکار محبوب الہٰی کے اعزازمیںدیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمیں عوام اور تاجر برادری کے مسائل کا احساس ہے جنھیں حل کیا جائے گا کیونکہ حکومت ترقی کا سفر تنہا طے نہیں کر سکتی۔

وفد کے سربراہ منور مغل نے صدر ممنون حسین کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ علاوہ ازیں ایوان صدر میں شفا انٹرنیشنل اسپتال کے 20سال مکمل ہونے پر تقریب تقسیم اعزازات سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومت غریب طبقے کو بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے ملک بھر کے اسپتالوں کی توسیع اور پس ماندہ علاقوں میں نئے اسپتال قائم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو ان کے علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم ہو سکیں۔

مقبول خبریں