ریسکیو 1122 امسال شروع کرنے کا اعلان

کراچی میں اسٹیٹ آف آرٹ ڈیجیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنے گا


Staff Reporter April 27, 2022
ریسکیو 1122کے ہیڈکوارٹر اور 6 اسٹیشنوںکا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: صوبے کے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 سروس کو رواں سال شروع کیا جائے گا جب کہ رواں سال عالمی بینک کے تعاون سے 230 جدید ایمبولینس خریدی جائیں گی۔

سندھ کے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 سینٹر اور ڈویژن میں ہیڈکوارٹر بنائے جائیں گے، ریسکیو 1122 سیلاب، زلزلے اور آگ لگنے کے واقعات سمیت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے گی، کراچی میں اسٹیٹ آف آرٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا جائے گا۔

ڈیجیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں 24 گھنٹے ریسکیو 1122 سروس کی مانیٹرنگ کی جائے گی ، کراچی میں ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر اور 6 اسٹیشن کا کام آخری مراحل میں ہے۔ یہ بات چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے ریسکیو 1122 کے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری داخلا سعید احمد منگریجو، سیکریٹری صحت ذوالفقار شاہ، سیکریٹری بحالی، ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور عالمی بینک کے نمائندے اور افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریسکیو 1122 کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے حکام پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سندھ میں اس وقت کراچی اور ٹھٹھہ میں سندھ انٹیگریٹڈ سروسز کے تحت 60 ایمبولینس سروسز فراہم کررہے ہیں اور 2 روز میں مزید 30 ایمبولینس فراہم کی جائیں گی جس سے حیدرآباد اور بدین میں بھی یہ سروس شروع کی جائے گی۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 سروس کو شروع کیا جائے گا، ولڈ بینک کے تعاون سے 230 ایمبولینس رواں سال خریدیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ میہڑ واقعے میں ایمبولینس سروس اور فائر بریگیڈ کا رسپانس سست تھا کسی بھی حادثے کی صورت میں ریسکیو 1122 ٹیمیں 10 سے 15 منٹ میں جائے وقوع پر پہنچ سکیں گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 سینٹر اور ڈویژن میں ہیڈکوارٹر بنائے جائیں گے، ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 سیلاب، زلزلے اور آگ لگنے کے واقعات سمیت مختلف قسم کی آفتوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے گی انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اسٹیٹ آف آرٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا جائے گا اور اس ڈیجیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں 24 گھنٹے ریسکیو 1122 کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کراچی میں ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر اور 6 اسٹیشن کا کام آخری مراحل میں ہے 30 مئی تک کام مکمل کیا جائے گا جبکہ ملازمین کی بھرتیاں بھی آئی بی اے سکھر کے ذریعے کی جا رہی ہے۔