کرکٹ بورڈ نے10ملازمین کے چولہے ٹھنڈے کردیئے

معمولی تنخواہ والے برطرف، بھاری معاوضے پرڈائریکٹرمیڈیا کا تقرر، سلیکٹرز بھی فارغ


Sports Reporter/Abbas Raza March 01, 2014
نجم سیٹھی کی پی سی بی کا چیرمین بننے کے بعد کرکٹ بورڈ میں اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

BADIN: پاکستان کرکٹ بورڈ نے10ملازمین کے چولہے ٹھنڈے کردیے۔ ''کفایت شعاری'' پالیسی کے تحت معمولی تنخواہ والے خاکروب اور مالی فاضل قرار پائے۔

عبوری سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے ماہانہ مشاہرے کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین دوسری اننگز کے آغاز میں ہی چند افراد کا جانا اور چند کا آنا یقینی ہوگیا تھا تاہم اس اکھاڑ پچھاڑ میں کئی عجیب فیصلے بھی دیکھنے میں آئے، جنرل منیجرمیڈیا ندیم سرور معاملات اچھے انداز میں چلا رہے تھے لیکن درپردہ امجد بھٹی کی بطور ڈائریکٹر میڈیا خدمات حاصل کرلی گئیں،ذرائع کے مطابق وہ چند روز سے باقاعدہ دفتر آرہے اور میٹنگز میں بھی شریک ہوتے ہیں لیکن بوجوہ انکی تقرری کا اعلان نہیں ہوا،یاد رہے کہ جب نجم سیٹھی نگراں وزیر اعلی پنجاب بنے تو امجد بھٹی کو ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز مقرر کیا گیا تھا۔

وہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، صوبائی وزیر خزانہ اور لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے پی آر او بھی رہ چکے ہیں۔ پنجاب حکومت سے ڈیپوٹیشن پر انھیں ڈائریکٹر پی سی بی کے عہدے پر لایا گیا جس کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا، نجم سیٹھی پہلی بار قائم مقام چیئرمین بنے تھے تو وہ اس وقت بھی امجد بھٹی کو بورڈ میں تعینات کرانے کے خواہشمند تھے لیکن عدالتی حکم کے تحت اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے ایسا نہ کرسکے۔دوسری طرف پی سی بی میں ملازمین کی چھانٹیوں کا سلسلہ جاری ہے، جمعے کو عبوری سلیکشن کمیٹی کے ارکان اظہر خان، سلیم جعفر اور فرخ زمان کے ماہانہ معاہدے میں توسیع نہیں کی گئی،2خاکروب، اتنے ہی مالی، ایک پروٹوکول افسر،انجینئر سمیت 10 دیگرافراد کی ملازمت بھی ختم کردی گئی، ذرائع کے مطابق جن گھروں کے چولہے ٹھنڈے کیے گئے ان کی مجموعی تنخواہ بھی نئے ڈائریکٹر میڈیا کو دیے جانے والے مشاہرے کے برابر نہیں ہوگی۔