کراچی میں تین پولیس مقابلے پانچ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

پولیس مقابلے گلشن معمار، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد پاپوش نگر میں ہوئے


Staff Reporter May 08, 2022
(فوٹو : فائل)

LONDON,: کراچی کے علاقوں گلشن معمار، اورنگی ٹاؤن اور پاپوش نگر میں تین پولیس مقابلوں میں پانچ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جب کہ چار ڈاکو فرار ہوگئے۔

گلشن معمار

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلا مقابلہ گلشن معمار میں پیش آیا جہاں معمار پولیس نے گبول گوٹھ روٹ اے 25 بس اسٹاپ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق 3 ڈاکو رکشا میں سوار افراد کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی تاہم جوابی فائرنگ میں ایک ڈکیت کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت حیدر عباس ولد گل حسین کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

گلشن معمار پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقابلے کے دوران اس کے دیگر 2 ساتھی عزت اللہ اور نیاز اللہ زخمی حالت میں موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے جنھیں پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے جبکہ زخمی ڈکیت کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔

اورنگی ٹاؤن

اسی طرح اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سلیم آباد بلاک ڈی قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت گلشیر ولد محمد رمضان اور فضل امین ولد نور القمر کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے ایک ٹی ٹی پستول مع ایمونیشن، ایک موبائل فون، نقدی اور موبائل فون برآمد کیا گیا، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم ، چوری ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔

ناظم آباد پاپوش نگر

ناظم آباد پولیس نے پاپوش نگر بڑا میدان کے عقب میں واقع ندی میں فیکٹریوں کو پانی سپلائی کرنے والے غیر قانونی ہائیڈرنگ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 45 سالہ شکیل ولد مشتاق اور 30 سالہ اقبال ولد جاوید کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمنان کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائمز ، چوری، ڈکیتی اور اقدام قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔