ڈیل ٹوڈے ڈاٹ پی کے کی 50 تا 90 فیصد رعایت پر فائر سیل

5 ہزار سے زائد کسٹمرز نے لاکھوں روپے مالیت کی مختلف اشیا کی خریداری کی


Business Reporter March 02, 2014
کراچی: ’’ڈیل ٹوڈے ڈاٹ پی کے‘‘ کی ایک روزہ فائرسیل کے دوران خواتین خریداری کیلیے اشیا کا جائزہ لے رہی ہیں۔ فوٹو : عرفان علی/ ایکسپریس

پاکستان میں روزمرہ استعمال کی پراڈکٹس آن لائن فروخت کرنے والے ادارے ''ڈیل ٹوڈے ڈاٹ پی کے'' نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ اپنے فائرسیل میں500 سے زائد برانڈڈ اور غیربرانڈڈ پروڈکٹس 50 تا 90 فیصد ڈسکاؤنٹ کے ساتھ فروخت کے لیے پیش کردیں۔

ہفتہ کو فائر سیل میں5 ہزار سے زائد کسٹمرز نے لاکھوں روپے مالیت کی مختلف اشیا کی خریداری کی۔ اس سلسلے میں جنرل منیجرڈیل ٹوڈے ڈاٹ پی کے عمرنور نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں ای کامرس کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر گامزن ہے اور 2 سال قبل آن لائن ڈیلز متعارف کرانے کے بعد ادارے کے یوزر کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز گرگئی ہے جبکہ یومیہ 10 ہزار سے زائد لوگ اس ویب سائٹ کا وزٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیل ٹوڈے ڈاٹ پی کے کی کراچی کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی آن لائن تجارتی سرگرمیاں کامیابی کے ساتھ چل رہی ہیں اور کمپیوٹرکے استعمال کنندگان کی بڑی تعداد کی جانب سے زبردست پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجارتی ویب سائٹ کے ساتھ 500 سے زائد وینڈرز منسلک ہیں جس میں برانڈڈ، غیربرانڈڈ مصنوعات کے تیارکنندگان کے ساتھ ایس ایم ای سیکٹر ودیگر شعبہ جات کے لوگ بھی شامل ہیں، ڈیل ٹوڈے نے گزشتہ ایک سال کے دوران 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مختلف پروڈکٹس کی آن لائن سیل کیں۔

فائرسیل کے حوالے سے عمرنور نے بتایا کہ اس ایک روزہ فائرسیل سیشن میں صارفین کو اپنی جانب راغب کرنے کی غرض سے ویب سائٹ کے متعارف کردہ قیمتوں سے بھی کم قیمت پرگھریلوفرنیچر، خواتین کے پرس، ملبوسات، جیولری، کٹلری، پلاسٹک مصنوعات، بیگز سمیت دیگر پراڈکٹس فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔