’’آج یوں ہوا۔۔۔‘‘

ڈائری لکھنا ایک صحت مند سرگرمی


نایاب فاطمہ March 02, 2014
ڈائری لکھنا ایک صحت مند سرگرمی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: آج کل گھریلو خواتین کی بہت بڑی تعداد ذہنی دبائو کا شکار نظر آتی ہے۔ اس کی سب سے اہم وجہ گھر میں رہنے والی خواتین کے لیے صحت مند سرگرمیوں کا فقدان ہے۔

اکثر خواتین کا یہ موقف ہے کہ انہیں گھر کے کام کاج اور بچوں کی ذمہ داریوں سے ہی سر اٹھانے کی فرصت نہیں ملتی کہ کسی مشغلے کے بارے میں سوچیں بھی۔ خریداری کرنا ہی ان کا ایک ایسا شغل ہوتا ہے، جس میں انہیں قدرے سکون ملتا ہے، مگر شاپنگ تو روز نہیں کی جا سکتی۔ اس لیے اکثر خواتین کا تھوڑا بہت جو بھی فرصت کا وقت ہوتا ہے، وہ ٹی وی یا پھر کمپیوٹر کے سامنے صرف ہوتا ہے۔ ماہرین عمرانیات کے مطابق مسلسل ٹی وی دیکھنا اور انٹرنیٹ استعمال کرنا ایک طرح کی اکتاہٹ اور بے زاری سی پیدا کر دیتا ہے۔ مختلف معاشی اور معاشرتی مسائل بھی ہر خاندان میں موجود ہیں۔ اس لیے خواتین کی چاہ ہوتی ہے کہ کوئی ایسا کام کیا جائے جس سے انہیں اس ذہنی دبائو سے نجات مل سکے۔ اس کے لیے بہت سے لوگ مطالعہ اور گھومنا پھرنا تو تجویز کرتے ہی ہیں، لیکن اس کے علاوہ بھی ایک ذریعہ جو نہایت کارگر ہوتا ہے، وہ روزانہ کی ڈائری لکھنا ہے۔ گھریلو خواتین کے لیے یہ نہایت صحت مند سرگرمی ہے۔ اس کے لیے کچھ زیادہ اہتمام کی بھی ضرورت نہیں۔ محض ایک ڈائری اور قلم کے ذریعے آپ اپنے اس مشغلے کا آغاز کر سکتی ہیں۔ اگر چاہیں تو ڈائری کی جگہ کوئی نوٹ بک، رجسٹر یا کاپی بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

 photo Pic3_zps1606338e.jpg

روزانہ کسی بھی وقت جب بھی فرصت ہو، آپ روزانہ چند منٹ اس میں صرف کریں۔ ہو سکتا ہے کہ آغاز میں آپ کو کچھ دشواری پیش آئے، لیکن جلد ہی آپ اس کی عادی ہو جائیں گی۔ روزانہ ڈائری یا روزنامچہ لکھنے سے قبل، پہلے اوپر نمایاں کرکے ہجری اور عیسوی تاریخیں اور دن درج کریں۔ اس کے بعد صبح اٹھنے سے اپنا احوال شروع کریں اور رات سونے تک،جو کچھ آپ کے معمولات رہے، وہ اس میں لکھتی چلی جائیں۔اگر آپ کی تحریر میں الفاظ زیادہ استعمال ہوں اور اس سے آپ کو اکتاہٹ ہونے لگے تو پھر آپ صرف مختصر الفاظ میں آپ نے دن کا ایک جائزہ اس میں لکھ لیا کریں۔ اس سے کم وقت میں آپ پورے دن کی سرگرمیاں لکھ لیں گی۔

اگر آپ کو روز فرصت نہیں مل پاتی تو دو، تین روز سے ایک ہفتے کے وقفے سے بھی یہ احوال قلم بند کیا جاسکتا ہے، بشرطے کہ آپ کی یادداشت درست طور پر ساتھ دیتی رہے، کہ کس دن کیا مصروفیات رہیں۔ اکثر کئی دن کا احوال ایک ساتھ لکھتے ہوئے چیزیں گڈمڈ سی ہوجاتی ہیں کہ یہ پتا نہیں تین دن پرانی بات ہے یا دو دن پرانی۔ اس لیے کوشش کریں کہ کبھی بہت زیادہ مصروف ہوں تو ایک سادے کاغذ پر دن اور تاریخ ڈال کر دن بھر کی چنندہ اور خاص خاص چیزیں لکھ لیں۔ مثلاً اگر آپ کسی سے ملنے گئیں، تو اس دن کے احوال میں صرف اس کا نام لکھ دیں، تو چند دن بعد جب آپ اپنا احوال لکھنے بیٹھیں گی تو بہ آسانی سمجھ جائیں گی کہ یہاں اس نام سے کیا مراد ہے۔ اس طرح ڈائری لکھنے کا مقصد حاصل ہو جائے گا۔

 photo Pic4_zps52d92f4c.jpg

یہ تحریر ایک سند رہے گی، کہ اس میں جو کچھ لکھا ہے، وہ واقعتاً اسی دن کا واقعہ ہے۔ کسی دن کوئی بہت خاص واقعہ ہو تو آپ اس دن کا احوال لکھتے ہوئے پہلے بڑا بڑا کرکے اس واقعے کی سرخی بنا لیں، تاکہ واضح رہے کہ یہ ایک خاص دن ہے ۔ یوں آپ کی ایک یادداشت مرتب ہونا شروع ہو جائے گی، پھر جب آپ کبھی اس کی ورق گردانی کریں گی، تو آپ کو خود بھی بہت اچھا لگے گا اور یہ لطف آپ کو دنیا کی کسی چیز میں نہیں آئے گا۔ یہ روزنامچہ آپ کی زندگی کا ایک سرمایہ بن جائے گا۔ اور یہ جتنا پرانا ہوتا چلا جائے گا، اُتنی ہی اس کی قدروقیمت میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ خوشی کے مواقع سے لے کر غم کے لمحات تک۔۔۔ اس ڈائری کے سینے میں سب کچھ محفوظ ہوجائے گا۔

اپنی ڈائری میں آپ اپنے خیالات، احساسات ، بچوں کی ننھی ننھی باتیں کہ بچے نے کب بولنا شروع کیا، کب چلنا شروع کیا، اس کی کون سی شرارت آپ کو سب سے زیادہ اچھی لگتی ہے، کس بات پر آپ کو خوف محسوس ہوا، اس کے علاوہ آپ اپنی اپنے شوہر اور بچوں کی دل چسپیاں، سرگرمیاں، نوک جھوک وغیرہ بھی تحریر کر سکتی ہیں۔ ڈائری آپ کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔ ڈائری کے ذریعے آپ اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار کرتی ہیں، جو نفسیاتی طور پر آپ کے سکون کا باعث بھی بنتا ہے۔

 photo Pic5_zps51550025.jpg

ڈائری کے اوراق میں درج واقعات، خیالات اور احساسات کو پڑھ کر اپنے حال کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے، ماضی کی اچھی عادات اور مصروفیات کو دُہرانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اپنی بہتری اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ ڈائری کے ذریعے آپ اپنی زندگی کی خوب صورت یادیں بھی محفوظ رکھ سکتی ہی۔ جب بھی زندگی بوجھل محسوس ہونے لگے تو یہ اچھی یادیں آپ کو طاقت دیں گی اور ماضی کی غلطیاں دوبارہ کرنے سے باز رکھیں گی۔ اس طرح حال کی ایک مثبت سرگرمی آپ کی زندگی بھر کی ساتھی بن کے آپ کے ہم راہ رہے گی۔