بارش متاثرین کو ہڑتال نہیں ریلیف کی ضرورت ہے بھرگڑی

عوام اور تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے، پی پی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس.


Numainda Express September 13, 2012
حيدرآباد: صوبائي وزير ماہي گيري زاہد بھرگڑي سركٹ ہاوس ميں نيوز كانفرنس كر رہے ہيں۔ فوٹو: ایکسپریس

صوبائی وزیر ماہی گیری زاہد علی بھرگڑی نے کہا ہے کہ برساتی پانی میں گھرے عوام کو اس وقت ہڑتال نہیں ریلیف کی ضرورت ہے۔

اگر ہڑتال کے نتیجے میں ریلیف کے کام رکنے سے کسی شخص کی جان گئی تو اس کی ذمے داری ہڑتال کی کال دینے والوں پر ہو گی۔پی پی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس آسمانی صحیفہ نہیں کہ اس میں تبدیلی ممکن نہیں، اسے پڑھے بغیر سندھ دشمن کا شوشہ چھوڑنا درست نہیں ہے، جب اسے سندھ اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا تو اس پر بحث ہو گی اور اگر ناراض اتحادیوں یا قوم پرستوں کی جانب سے کوئی اچھی تجویز سامنے آئی تو اسے آرڈیننس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی سے کشمور تک پورا سندھ برساتی پانی میں گھرا ہوا ہے، ہڑتال کی کال دینے والے مہربانی کریں اور سندھ کے عوام کی بہتری کی خاطر اسے واپس لیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز بلدیاتی نظام میں صرف شہری ٹاؤنز کو ہی نہیں بلکہ دیہی تعلقوں کو بھی با اختیار بنایا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ دھونس دھاندلی کے ذریعے دُکانیں بند کرا کر قوم پرست کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ہڑتال کے روز پولیس اور رینجرز پیٹرولنگ کریں گے اور عوام و تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔

مقبول خبریں