رواں ماہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2343 ارب روپے مقرر

مارچ 2013 میں 190.5 ارب کی وصولیوں سے 23 فیصد زائد، انکم ٹیکس کیلیے 100.8 ارب ہدف


Numainda Express March 04, 2014
92.4 ارب سیلز ٹیکس، 13 ارب ایکسائز اور 28.1 ارب کی کسٹم ڈیوٹی جمع کرانا ہوگی۔ فوٹو : فائل

ایف بی آر نے مارچ کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 234.3 ارب روپے مقرر کردیا ۔

جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں190.5 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہیں۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف(ایف بی آر) کی طرف سے رواں سہ ماہی جنوری تا مارچ کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 583.9 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، رواں ماہ کیلیے مقررہ 234.3 ارب کے ہدف میں سے انکم ٹیکس ہدف 100.8 ارب رکھا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 78.7 ارب کی وصولیوں سے28 فیصد زیادہ ہے۔

ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف92.4 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 72.6ارب روپے کی وصولیوں سے 27.3 فیصد زیادہ ہیں، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 28.7 فیصد کے سال بہ سال اضافے سے 13 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ مارچ 2013 میں 10 ارب روپے کی وصولیاں ہوئی تھیں۔ دستاویز کے مطابق رواں ماہ کیلیے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 28.1 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جومارچ 2013 میں 29.1 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 3.4 فیصد کم ہے۔