موجودہ حالات کے ذمے دار وزیراعظم ہیںجاویدہاشمی

نثارکی وزارت تبدیل کی جائے:طاہراشرفی،انھوں نے دھماکے کاذمے دارعوام کوبنادیا:شازیہ


Monitoring Desk March 04, 2014
ملک مشکلات میں گھرا ہوا ہے، کوئی دوست ملک ہمارے ساتھ کھڑا ہونے کو تیار نہیں۔رہنما پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما جاویدہاشمی نے کہا ہے کہ ملک مشکلات میں گھرا ہوا ہے، کوئی دوست ملک ہمارے ساتھ کھڑا ہونے کو تیار نہیں۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا، یہ کہناکہ اسلام آباد محفوظ ہے، بچوں والی بات لگتی ہے۔ پورا ملک تباہی کے دہانے پر ہے۔ وزیرداخلہ کو یہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا کہ ہماری فوج گوریلاجنگ میں ٹرینڈ نہیں۔ ان حالات کی ذمے داری وزیراعظم پرعائد ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ میں حکومت کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ وہ جو کرنا چاہتی ہے چوہدری نثارکو ضرور بتادے۔ انھوں نے اپنی تقریرمیں اسلام آباددھماکے کا ذمے دارعوام کو ہی قرار دے دیا۔ سیکیورٹی پالیسی پراسمبلی میں بات ابھی ہونی ہے۔ علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ ہر شہر میں انتہا پسند گروہ موجود ہیں جن کو پولیس کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔ وہ جب چاہے جہاں چاہیں کسی کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ مزاروں پر بہت سے حملے نورستان میں چھپے لوگوں نے کیے۔ چوہدری نثارکے بیانات پرہنسی آتی ہے۔

حکومت کی طرف سے مذاکرات اور سیزفائر کی کوشش کے بارے میں چاہے جوبھی کہیں لیکن یہ بات درست ہے کہ جب وزیراعظم نے مداخلت کی تو نتائج نکلے۔ چوہدری نثارکی باتیں سمجھ میں نہیں آتیں۔ اگرہماری فوج واقعی گوریلاجنگ میں ٹرینڈنہیں تویہ بات کس کوبتا رہے ہیں۔ اس موقع پرایسی باتیں ٹھیک نہیں۔آج اگر رحمن ملک ہوتے توسب کہتے کہ گھرتشریف لے جائیں لیکن چوہدری نثارکے لیے ہماراجذبہ کچھ اورہے۔ نوازشریف ان کو کوئی اوروزارت دے دیں۔ تجزیہ کارسلیم صافی نے کہاکہ عملی طورپر ساری حکومت کامرکز نگاہ لاہورہے۔ لاہورمیں کھیلوں کے ریکارڈ بن رہے ہیں اور باقی صوبوں میں جنازوں کے ریکارڈ بن رہے ہیں۔ اسلام آباد کے محفوظ ہونے کا کوئی دعویٰ کرتا ہے توچوہدری نثارکی طرح اُس کی بھی سبکی ہوگی۔ حکومت اوراداروں میں کوآرڈینیشن نہیں، وزرامیں کوآرڈینیشن نہیں، یہ کمیٹیاں نہ بھی ہوتیں تو سیزفائر ہوجانا تھا۔ حالات کی ذمے داری نوازشریف پرہے کیونکہ چوہدری نثارکو وزیرداخلہ انھی نے بنایا۔ حکومت اورفوج بہت سے معاملات پرایک پیج پرنہیں ہیں۔