پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا کو تیسرے ٹی 20 میں شکست دے کر وائٹ واش کردیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 28 مئ 2022
کپتان بسمہ معروف 15 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں

کپتان بسمہ معروف 15 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں

 کراچی: پاکستان نے سنسنی خیز انداز میں سری لنکا  کے خلاف ویمن انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی سیریز کاتیسرا اور آخری میچ 4وکٹوں سے جیت کر کلین سوئپ کر دیا۔پاکستان نے جیت کے لیے 108 رنز کا مطلوبہ ہدف 6وکٹوں کے نقصان پر آخری  اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔

کپتان بسمہ معروف نے ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر درکار دو رنز  بنا کر پاکستان کو فتح سے ہم کنار کرایااور پلئیر آف دی میچ رہیں۔طوبی حسن پلئیر آف دی سیریز قرار پائیں۔

ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ ڈی ایچ اے پر پاکستان ویمن ٹیم نے مہمان ٹیم کواوٹ کلاس کردیا۔مسلسل تین مرتبہ ٹاس جیتنے والی سری لنکا کی ٹیم اپنے تینوں میچز ہار گئی۔

اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر پاکستان  نے میچ میں تین تبدیلیاں کیں۔اپنے اولین دو میچز میں ناکامی کا شکار اوپنر گل فیروزہ، فاسٹ بولر فاطمہ ثنا اور ایمن کو آرام کا موقع دیا گیا جبکہ ان کی جگہ عمیمہ سہیل،کائنات امتیاز اور ڈائنا بیگ کو ملی۔

مہمان ٹیم نے بھی دو تبدیلیاں کیں،انوکا رانا ویرا اور آچنی کلا سوریا کی جگہ ساچنی نسالہ اور اویشکا پرابو دانی کو آزمایا گیا۔

سری لنکن ٹیم دو اہم کھلاڑیوں سے محروم تھی،میشا دلہانی لیگ انجری کا شکار ہو کر واپس وطن لوٹ گئیں۔فاسٹ بولر اودیشکا پرابو دھانی کورونا  کے سبب سیریز سے باہر ہوگئی تھیں۔

ہدف کے تعاقب میں کامیابی پانے والی پاکستان ویمن ٹیم کی منیبہ  علی نے 25 رنز کی اننگ کھیلی۔اس میں تین چوکے بھی شامل تھے۔عالیہ ریاض نے 13 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنائے۔ارم جاوید کے16 رنز 12 گیندوں پر 2چوکوں کی مدد سے بنے۔ند ڈار نے14 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے۔عائشہ نسیم نے 6 گیندوں 10 رنز بنائے جس میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔عمیمہ سہیل نے 4 رنز بنائے۔کپتان بسمہ معروف نے 15گیندوں پر 15 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں جبکہ کائنات4 رنزکے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔

اوشادی نے28 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دلہاری نے28 رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا۔دلہاری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز اسکور کیے۔

کپتان چماری اٹاپٹو 38 گیندوں پر 2چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ہاسینی پریرا نے 24 رنز  بنائے۔انوشکا سنجیوانی14 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔سندھیکا کماری10،نلاکشی ڈی سلوا9،ایماکانچنا اور کروشیا دلہاری2،2 جبکہ مداہوی ایک دن جوڑ سکیں۔اوشادی رانا سنگھے صفر کی خفت کا شکار ہوئیں۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، کائنات امتیاز اور طوبی حسن نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ویمن کرکٹ کے چیف سلیکٹر اسمعیل اقبال نے ٹرافیز تقسیم کی۔

میزبان ٹیم پہلے ہی دونوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی تھی۔

پاکستان نے پہلے میچ میں 6 سے کامیابی پائی تھی،دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے  فتح ملی تھی۔

پاکستان کی سری لنکا کےخلاف مجموعی طور پر 17 ویں ٹی ٹونٹی میچ میں 9 ویں فتح رہی۔ سری لنکا نے6 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بے  نتیجہ رہاتھا۔

دریں اثناء دونوں ممالک کے درمیان آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ویمن کرکٹ چیمپیئن شپ میں تین میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم جون کو ہوگا۔

دونوں ٹیمیں سیریز سے قبل دو روزہ پریکٹس سیشنز میں شرکت کریں گی۔

31 مئی کو دونوں کپتان کی پریس کانفرنس ہوگی، اگلے روز پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔