19جون 1992 کو ایم کیوایم کیخلاف سازشیں ناکام ہوئیں خالد مقبول

19جون کا دن ملکی تاریخ میں وفا کی نظیر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، خالد مقبول صدیقی


Staff Reporter June 19, 2022
کنوینر ایم کیو ایم (فائل فوٹو)

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہدائے 19 جون 1992 کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کی سیاسی وفا نے ایک ایسی مثال قائم کی جس کی نظیر نہیں ملتی۔

سیاسی جبر کرکے ایم کیوایم کو قومی دھارے سے الگ کرنے کی جو انتہائی کوششیں کی گئیں اسے ایم کیو ایم کے ثابت قدم کارکنان نے بہادری سے ناکام بنایا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاسی وفا کے طور پر 19جون 1992 کا دن ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کہ جس روز کارکنان کی وفا اور حق پرست عوام کی استقامت نے قوم کو منتشر ہونے سے بچایا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ آج بھی کم وبیش ایم کیو ایم پاکستان انھی حالات سے گزر رہی ہے جبکہ اس نے پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا میں ایک انوکھی تاریخ رقم کی کہ اپنی قیادت سے پاکستان کی خاطر علیحدگی اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام یہ ہے کہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے اپنے ہی وطن میں ملک دشمنی کا طعنہ سنا لیکن سلام ہے شہدائے ایم کیوایم پاکستان اور کارکنان پر جنھوں نے جان نچھاور کرنا تو قبول کیا لیکن حق پرستی کے نظریے سے انحراف نہیں کیا اور نہ ہی مصنوعی قیادت کو قبول کیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کارکنان و ذمے داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کے حصول اور منزل تک پہنچنے کے لیے ہمیں سیاسی طور پر اپنی راہ کا تعین کرنا ہے جس راستے پر شہدائے حق نے اپنی جانیں قربان کیں، انھوں نے تحریک کے ذمے داروں کو ہدایت جاری کیں کہ وہ شہدا، اسیروں اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے رابطے میں رہیں، ان کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں رہیں۔

مقبول خبریں