حصص مارکیٹ میں تیزی 41 پوائنٹس کا اضافہ

انڈیکس 27124 ہوگیا، 197 کمپنیوں کے دام بڑھ گئے، مارکیٹ سرمایہ 15 ارب روپے بلند


Business Reporter March 15, 2014
انڈیکس 27124 ہوگیا، 197 کمپنیوں کے دام بڑھ گئے، مارکیٹ سرمایہ 15 ارب روپے بلند۔ فوٹو: آن لائن/فائل

نئی مانیٹری پالیسی کے تحت ڈسکاؤنٹ ریٹ ممکنہ طور پر کم ہونے کی خبروں اور معیشت کے مثبت اشاریوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو ایک بار پھر معمولی اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کا رحجان غالب ہوا جس سے انڈیکس کی27100 کی حد بحال ہوگئی۔

53.09 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں اور حصص کی مالیت میں بھی15 ارب26 کروڑ37 لاکھ42 ہزار969 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروباری دورانیے میں بینکنگ، ریفائنری، سیمنٹ سمیت بعض کثیر قومی کمپنیوں میں خریداری سرگرمیاں دیکھی گئیں جس کی وجہ سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر19 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن مختلف شعبوں کی خریداری لہر بڑھنے سے یہ مندی عارضی ثابت ہوئی اور مارکیٹ تیزی کی جانب گامزن ہوگئی۔

دونوں کاروباری سیشنز میں مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 60 لاکھ 82 ہزار770 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے 2 لاکھ 17 ہزار 178 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے11 لاکھ 27 ہزار 644 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے47 لاکھ 37 ہزار 948 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 41.35 پوائنٹس کی تیزی سے 27124.47 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 17.11 پوائنٹس کے اضافے سے19579.43 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 195.82 پوائنٹس کے اضافے سے45588.55 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 6.02 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ 71 لاکھ 47 ہزار830 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 371 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں197 کے بھاؤ میں اضافہ، 156 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ133.71 روپے بڑھ کر4500 روپے اور آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ 51 روپے بڑھ کر 1076 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ 100 روپے کم ہو کر 8750 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ 30.20 روپے کم ہو کر 719.80 روپے ہوگئے۔