کراچی بارش: سندھ حکومت نےآج تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کااعلان کردیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 18 اگست 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: کراچی سمیت صوبے بھر میں ہونے والی شدید بارشوں کے پیش نظر سندھ حکومت نے 18اگست کو تمام تعلیمی ادارے بند کرنےکا اعلان کردیاہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں مزید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیاہے۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو چھٹی دینے کی ہدایت دی۔

دوسری جانب  18 اگست 2022ء کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور سائنس گروپ کے عملی امتحانات (پریکٹیکل) ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین  کے مطابق تمام ملتوی شدہ پرچے اب بروز جمعرات  25  اگست کو انہی امتحانی مراکز پر پہلے سے دیئے گئے شیڈول اور وقت پر لیے جائیں گے جبکہ عملی امتحانات (پریکٹیکل) ری شیڈول کرنے کیلئے کالجوں کو ہدایت کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتوی کئے جانے والے پرچوں میں  میں آرٹس ریگولر و پرائیویٹ کے اردو ایڈوانس پرچہ دوم، عربی پرچہ دوم، فارسی پرچہ دوم، سندھی (اختیاری) پرچہ دوم، انگلش (اختیاری) پرچہ دوم، میتھمیٹکس پرچہ دوم اور خصوصی امیدواروں کا کمپیوٹر سائنس پرچہ اول شامل ہیں۔

ادھر بارش کے باعث وفاقی جامعہ اردو کراچی کیمپس میں بھی جمعرات کو تعطیل کا اعلان کردیا گیاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔