پاکستان سے میچ بھارت کے اعصاب پر سوار

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
مقابلہ عام میچز کی طرح ہے، توجہ ایشیا کپ جیتنے پر مرکوز ہونی چاہیے،صدربورڈ۔ فوٹو:فائل

مقابلہ عام میچز کی طرح ہے، توجہ ایشیا کپ جیتنے پر مرکوز ہونی چاہیے،صدربورڈ۔ فوٹو:فائل

کراچی: پاکستان سے میچ بھارت کے اعصاب پر سوار ہوگیا، ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کیلیے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ساروگنگولی میدان میں اتر آئے۔

پاکستان ٹیم نے تقریباً ایک برس قبل بھارت کو دبئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ ٹی 20 میچ میں 10 وکٹ سے عبرتناک شکست دی تھی،اب رواں ماہ کی 28 تاریخ کو دونوں ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل آرہی ہیں، فارمیٹ بھی وہی ٹی 20 ہی ہوگا مگر اس بار ایونٹ ایشیا کپ ہے۔

گرین شرٹس کے ہاتھوں ملنے والی شکست ابھی تک بھارتی اعصاب پر سوار ہے، دیگر ٹیموں کو چھوڑ کر صرف پاکستان سے مقابلے کا ہی شور مچایا ہوا ہے، ایسے میں ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کیلیے بی سی سی آئی کے صدر اور سابق کپتان سارو گنگولی کو میدان میں اترنا پڑا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ: پاک بھارت میچ کے پہلے مرحلے کے تمام ٹکٹس فروخت

انھوں نے میڈیا سے بات چیت میں اپنی ٹیم کو صرف ایشیا کپ پر ہی توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیا، گنگولی نے کہا کہ میں اسے ایشیا کپ کے طور پر ہی دیکھ رہا ہوں، میرے لیے یہ ٹورنامنٹ کوئی پاک بھارت میچ نہیں ہے، جب میں کرکٹ کھیلتا تھا تب پاکستان کے ساتھ میچز کو عام مقابلے کی طرح لیتا اور ہمیشہ ٹورنامنٹ جیتنے پر توجہ مرکوز رہتی، ہمارے پاس ایک اچھی ٹیم ہے، اس نے حالیہ عرصے میں بہترین پرفارم کیا، مجھے پوری امید ہے کہ وہ ایشیا کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ کے ساتھ دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد

یاد رہے کہ بھارت مجموعی طور پر 7 مرتبہ ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکا، پاکستان اور بھارت کا مجموعی طور پر ایشیا کپ میں 14 مرتبہ سامنا ہوا، بلو شرٹس نے 8 فتوحات پائیں جبکہ گرین شرٹس کے حصے میں اب تک 5 کامیابیاں آئی ہیں، بھارت نے 5 فتوحات 2010 کے بعد پاکستان سے ہونے والے 6 ایشیا کپ میچز میں حاصل کیں، اسے آخری بار اس ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کے ہاتھوں 2014 میں میرپور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔