یوگینڈا سے آنے والی خاتون سے کروڑوں کی کوکین برآمد

غیر ملکی خاتون یوگینڈا سے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچی، مقدمہ درج


Staff Reporter August 26, 2022
خاتون نے منشیات انتہائی مہارت سے بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی (فوٹو فائل)

پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ نے بین الاقوامی آمد کے ٹرمینل پر کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی خاتون سے کروڑوں مالیت کی کوکین برآمد کرلی۔

ذرائع کے مطابق کسٹمز حکام نے شک کی بنا پر یوگینڈا سے تعلق رکھنے والی کرسٹائن نیلوبیگا نامی خاتون کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے بیگ سے 1900گرام کوکین برآمد ہوئی۔ جس کی مالیت 4 کروڑ 70 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔غیر ملکی خاتون یوگینڈا سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 214 کے ذریعے کراچی پہنچی تھی۔

خاتون نے انتہائی مہارت کے ساتھ اپنے نیلے رنگ کے بیگ کے خفیہ خانوں میں کوکین چھپا رکھی تھی۔ کسٹمز حکام نے مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا اور مزید تفتیش و قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن برانچ کے حوالے کردیا ہے۔