لاہور میں 23 لاکھ 39 ہزار صارفین کو بجلی بلزپر 4 ارب 59 کروڑ کا ریلیف

عامر نوید چوہدری  ہفتہ 27 اگست 2022
لیسکو نے صارفین کو فکس ٹیکس واپس کردیا اور بلز کی تاریخ میں 31اگست تک توسیع کردی

لیسکو نے صارفین کو فکس ٹیکس واپس کردیا اور بلز کی تاریخ میں 31اگست تک توسیع کردی

 لاہور: وزیراعظم کی طرف سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور فکس ٹیکس ختم کرنے کے احکامات پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔

لیسکو نے 23 لاکھ 39 ہزار صارفین کو بجلی بلزپر 4 ارب 59 کروڑ کا ریلیف دے دیا۔20لاکھ،71ہزار128گھریلو،46ہزار350زرعی صارفین کو ایف پی اے ریلیف اور2لاکھ 22ہزار38ریٹیلرزکو فکس ٹیکس واپس کردیا۔تمام صارفین کے بلز کی تاریخ میں 31اگست تک کی توسیع کردی گئی۔

وزیراعظم کے اعلان اور وزارت توانائی کے احکامات کے بعد پاورڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بلز سے200یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے اور زرعی صارفین کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے پر عملدرآمد شروع کر تے ہوئے بغیر ایف پی اے کے بل کا اجراء شروع کردیا۔

لیسکو چیف چودھری محمد امین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات کے مطابق لیسکو ریجن میں صارفین کے بجلی بلوں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو ختم کرکے انہیں نئے بل جاری کئے جارہے ہیں۔

لیسکو چیف نے بتایا کہ گورنمنٹ کی جانب سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی کٹوتی کی سہولت دوسو یا اس سے کم یونٹس استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین پر لاگو ہوگی۔200 سے زائد یونٹس استعمال کرنے والے صارفین پر اس سہولت کا اطلاق نہیں ہوگا۔ لیسکو نے 23 لاکھ 39 ہزار صارفین کو بجلی بلزپر 4 ارب 59 کروڑ60 لاکھ روپے کا ریلیف دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لیسکو نے ایف پی اے کی مد میں 20 لاکھ 71 ہزار 128 صارفین کو 2 ارب 18 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ریلیف دیا۔ اسی طرح 46 ہزار 350 زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی بل پر 1 ارب 30 کروڑ 10 لاکھ کا ایف پی اے معاف کردیا گیا۔ 2 لاکھ 22 ہزار 38 ریٹیلرز کو فکس ٹیکس کی مد میں1 ارب 10 کروڑ 80 لاکھ روپے واپس کردیئے گئے ہیں۔

لیسکو چیف چوہدری محمد امین نے بتایا کہ صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام بینکوں کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں کہ وہ تاحکم ثانی مینوئل طریقے سے تصیح شدہ بل کی وصولی کو یقینی بنائیں۔ ایسے 200 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین جنہوں نے اس ماہ اپنے بل جمع کروادیئے ہیں ان کے اگلے ماہ کے بل سے یہ رقم نکال دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام صارفین کے بلز کی تاریخ میں 31اگست تک کی توسیع کردی گئی اور ترمیم شدہ بلز لیسکو کی ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ کردیئے گئے ہیں۔

لیسکو چیف چوہدری محمد امین کا کہنا تھا کہ لیسکو اسٹاف صارفین کی سہولت کے لئے ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران بھی کام کرئے گا تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔