سوئی سدرن ونادرن نے گیس نرخ بڑھانے کی درخواستیں دیدیں

یکم جولائی سے 24 اور 47 فیصد اضافہ کرنیکی درخواست پر فیصلہ اوگرا سماعت کے بعد کریگی


INP March 16, 2014
یکم جولائی سے 24 اور 47 فیصد اضافہ کرنیکی درخواست پر فیصلہ اوگرا سماعت کے بعد کریگی۔ فوٹو: فائل

سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنی نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں دیدیں۔

ذرائع کے مطابق سوئی سدرن نے 24فیصد جبکہ سوئی نادرن نے 47فیصد اضافے کی اوگرا کو درخواستیں دیدی ہیں جن کے مطابق اضافے کی صورت میں سوئی سدرن میں108روپے ایم ایم بی یو ٹی جبکہ سوئی نادرن میں 179روپے 55پیسے اضافہ کیا جائے گا تاہم یہ اضافہ اوگرا کی جانب سے درخواستوں پر باقاعدہ سماعت کے بعد ہی کیا جا سکے گا، اوگرا نے ان دونوں درخواستوں کی سماعت کیلیے تاریخ فائنل نہیں کی۔

اتوار کو ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے یکم جولائی 2014 سے گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمت 179 روپے 55 پیسے اضافے کیساتھ 554 روپے 64 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی قیمت 108 روپے اضافے کیساتھ 538 روپے 73 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھجوائی ہے۔ یوں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمت میں 47 فیصد جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے 24 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب اوگرا نے گیس کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافے کی درخواستوں پر عوامی سماعتیں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاہم عوامی سماعتوں کی تاریخ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔