انڈین ویلز ٹینس راجر فیڈرر نے ڈولگو پولوف کی کہانی ختم کردی

پانچویں مرتبہ چیمپئن بننے کیلیے نووک جوکووک کا مقابلہ کریں گے، سرب اسٹار نے اسنر سے حساب چکتا کرلیا


Sports Desk/AFP March 17, 2014
انڈین ویلز ٹینس، سیمی فائنل میںڈولگوپولوف کو ٹھکانے لگانے پر سوئس اسٹار راجر فیڈرر کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو: رائٹرز

انڈین ویلز میں مینز سنگلز ٹرافی کیلیے راجرفیڈرر کو نووک جوکووک کا چیلنج درپیش ہوگا، چار مرتبہ کے فاتح سوئس ماسٹر نے سیمی فائنل میں یوکرینی پلیئر الیگزینڈر ڈولگوپولوف کی پیشقدمی ختم کی۔

سربیا کے ورلڈ نمبر2 پلیئر نے جون اسنر سے2012 کے سیمی فائنل میں ناکامی کا حساب چکتا کرلیا،مینز ڈبلز ٹائٹل امریکی ٹاپ سیڈ جوڑی برائن برادران مائیک اور باب کے نام رہا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں برازیل کے سواریز نیوارو اور آسٹرین پلیئر الیگزینڈر پیا کو مات دے دی۔تفصیلات کے مطابق انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ میںمینز سنگلز ٹائٹل کیلیے چار مرتبہ کے فاتح راجرفیڈرر اور سربیا کے عالمی نمبر2 نووک جوکووک مدمقابل آئیں گے،سیمی فائنلز میں 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح فیڈرر نے یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف کی کہانی 6-3 اور6-1 سے شکست دیکر ختم کردی، 61 منٹ پر محیط اس مقابلے میں سوئس اسٹار کو بریک پوائنٹ کا سامنا نہیں رہا، عالمی درجہ بندی میں 31ویں پوزیشن کے پلیئر ڈولگوپولوف کیخلاف فیڈرر نے مکمل غلبہ حاصل کیے رکھا اگرچہ ڈولگوپولوف نے تیسرے رائونڈ میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کو پچھاڑا تھا اور اس کے بعد چوتھے رائونڈمیں فابیو فوگنینی اور پھر کوارٹر فائنل میں کینیڈا کے میلوس رائونک ان کا نشانہ بنے تھے۔

فیڈرر نے اپنی پہلی سروس میں 72 فیصد کامیابی پائی، اس لیے میچ کے اختتام پر انھوں نے کہا کہ میرے لیے آج کا دن سروس کرنے کے حوالے سے بھی اچھا رہا، پہلے سیٹ میں 5-3 کی سبقت لینے کے بعد فیڈرر نے پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا، مزید ایک گیم اور جیت کر انھوں نے سیٹ 6-3 سے اپنے نام کیا جبکہ دوسرے سیٹ کے ابتدائی گیم میں انھوں نے یوکرینی پلیئر کی سروس بریک کی،7 ایسز لگاتے ہوئے انھوں نے اس سیٹ میں 2-0 کی برتری لی اور پھر یہ سیٹ بھی6-1 سے ان کے نام رہا، اس کامیابی کی بدولت فیڈرر نے پیر کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں واپسی کو بھی یقینی بنالیا، وہ ستمبر 2013 کے بعد سے دنیا کے پانچ پلیئرز میں پہلی مرتبہ شامل ہونے جارہے ہیں، فیڈرر اس سے قبل 2004 ، 2005 ، 2006 اور 2012 میں انڈین ویلز چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

دوسرے سیمی فائنلز میں ورلڈ نمبر2 نووک جوکووک نے طویل قامت امریکی پلیئر جون اسنر کو 7-5،6-7 (2/7) اور6-1 سے ہرادیا، فیڈرر اور جوکووک کے درمیان یہ 33ویں مقابلہ ہوگا، فیڈرر نے دبئی میں گذشتہ ماہ جوکووک کو سیمی فائنل میں شکست سے دوچار کیا ہے۔مینز ڈبلز ٹائٹل امریکی ٹاپ سیڈ جوڑی برائن برادران مائیک اور باب کے نام رہا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں برازیل کے سواریز نیوارو اور آسٹرین پلیئر الیگزینڈر پیا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-3 سے شکست دے دی، ایونٹ میں پاکستانی پلیئر اعصام الحق اور ان کے بھارتی پارٹنر کو پہلے ہی رائونڈ میں سوئس جوڑی فیڈرر اور واورنیکا کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔