ن لیگ سے ہمارا اتحاد ہوتا نظر نہیں آرہا چوہدری شجاعت

پیر پگارا لیگی دھڑوں میں اتحاد کرانا چاہتے ہیں تو کوشش کرکے دیکھ لیں، ٹی وی انٹرویو


INP March 17, 2014
پرویز مشرف کو سزا نہیں ہوسکتی،طالبان سے مذاکرات بھی کامیاب ہوتے نظر نہیں آرہے۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI: مسلم لیگ(ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ(ن)لیگ کے ساتھ اتحادممکن ہے نہ ہی اتحاد ہوتا نظر آرہا ہے، ہم الیکشن ہارجاتے تودکھ نہ ہو تالیکن ہمیں جان بوجھ کر ہروایا گیا، لیگی دھڑوں کے اتحادکے حامی ہیں۔

پیر پگاراکوششیں کرناچاہتے ہیں توکرلیں ،آصف علی زرداری سے کوئی دوری نہیں جب ضروری ہوتاہے تو رابطہ کرلیتے ہیں،پرویزمشرف کو غدار کہناآئین و قانون کی بھی خلاف ورزی ہے،پرویزمشرف کے خلاف غداری کامقدمہ نہیں بنتا،مجھے انہیں سزاہوتی نظرنہیں آرہی،طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں لیکن مذاکرات کامیاب ہوتے ہوئے نظرنہیں آرہے

۔ ایک ٹی وی انٹرویومیں انھوں نے کہاکہ ہمیں ن لیگ کے ساتھ اتحاد کا کوئی شوق نہیں لیکن اگرکوئی لیگی دھڑوں کومتحدکرناچاہتاہے توہم اس کی مخالفت بھی نہیں کرتے تاہم موجودہ حالات میں ن لیگ کے ساتھ ہمارا اتحاد ممکن نہیں،عام انتخابات میں بڑی پارٹیاں ایک ہوگئیں جس کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی،(ن)لیگ کی حکومت آئینی مدت پوری کریگی یانہیں اس کیلیے انتظارکرناہو گا،نوازشریف اورعمران خان کی ملاقات اچھی بات ہے دونوں ایک پیج پرہیں یانہیں اس کاپتہ دونوں کے عمل سے چلے گا۔