ہاکی پی آئی اے اور واپڈا ’بی‘ نے فائنل میں رسائی حاصل کر لی

سیمی فائنلز میں واپڈا’اے‘ کو 3-2 سے شکست، نیشنل بینک کی ٹیم سڈن ڈیتھ پر 7-6 سے ہارگئی ، فیصلہ کن معرکہ کل منعقد ہوگا


Sports Reporter March 18, 2014
سیمی فائنلز میں واپڈا’اے‘ کو 3-2 سے شکست، نیشنل بینک کی ٹیم سڈن ڈیتھ پر 7-6 سے ہارگئی ، فیصلہ کن معرکہ کل منعقد ہوگا۔ فوٹو: فائل

واپڈا بی اور پی آئی اے نے اعصاب شکن مقابلوں کے بعد بریگیڈیئر منظور حسین عاطف میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا۔

واپڈا 'اے' اور نیشنل بینک کی ایونٹ میں پیش قدمی ختم ہوگئی، فیصلہ کن مقابلہ بدھ 19 مارچ کوہوگا۔ سرگودھا ہاکی سٹیڈیم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں واپڈا بی نے واپڈا اے کو سخت مقابلے میں 3-2 سے شکست دی۔کھیل کے چھٹے منٹ میں 'اے' ٹیم تصور عباس کی شاندار کوشش سے برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، جسے31ویں منٹ میں 'بی' ٹیم نے عرفان کے گول کے ذریعے برابر کر دیا۔ پہلا ہاف برابری پر تمام ہوا، تاہم دوسرے ہاف میں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن پلیئرز کے شاندار دفاعی کھیل کی وجہ سے کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں نہ پھینک سکی تاہم50ویں منٹ میں محمد عثمان واپڈا اے کو ایک بار پھر برتری دلانے میں کامیاب ہو گئے۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد واپڈا بی نے ہمت ہارنے کی بجائے غیر معمولی کھیل پیش کیا اور55ویں منٹ میں وسیم نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر کے اسکور 2-2 کر دیا۔

فائنل تک رسائی حاصل کرنے کیلیے دونوں ٹیموں کے درمیان ایک بار پھر اعصاب شکن جنگ کا آغاز ہوا تاہم کھیل کے آخری منٹ میں واپڈا بی پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، ایک بار پھر وسیم نے بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔دوسرے سیمی فائنل میں پی آئی اے نے نیشنل بینک کو سڈن ڈیتھ گول پر مات دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرپائی۔بینک ٹیم نے 25ویں منٹ میں توثیق اشرف کے پنالٹی کارنر پر گول کے ذریعے برتری حاصل کی تاہم 31ویں منٹ میں پی آئی اے نے پی سی پر ہی گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے لیکن فارورڈز کامیاب نہ ہو سکے۔ اختر علی نے 68 ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعے نیشنل بینک کو ایک بار پھر سبقت دلا دی تاہم آخری منٹ میں پی آئی اے کے افسر یعقوب نے پنالٹی کارنر پر گول سے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر بھی مقابلہ4-4 سے برابر رہا، بعد میں سڈن ڈیتھ گول کے ذریعے پی آئی اے نے نیشنل بینک کو 6کے مقابلے میں7گول سے شکست دی۔