تھائی حکومت کا بنکاک اور نواحی علاقوں میں ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان

حکومت مخالف مظاہروں کے بعد 2 ماہ قبل ایمرجنسی لگائی گئی تھی،مختلف پارٹیوں کی درخواست پر کابینہ ایمرجنسی ہٹانے پر متفق


News Agencies/AFP March 19, 2014
حکومت مخالف مظاہروں کے بعد 2 ماہ قبل ایمرجنسی لگائی گئی تھی،مختلف پارٹیوں کی درخواست پر کابینہ ایمرجنسی ہٹانے پر متفق

تھائی حکومت نے دارالحکومت بنکاک اور اس کے نواحی علاقوں میں نافذ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

حکومت مخالف مظاہرے شروع ہونے کے بعدتقریباً 2 ماہ سے ان علاقوں میں ایمرجنسی نافذ تھی۔ تھائی لینڈ کے اقتصادی مرکز میں ہنگامی حالت کے خاتمے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ غیرملکی سرمایہ کارایک مرتبہ پھر بنکاک کی طرف لوٹ سکیں گے۔منگل کو تھائی وزیر اعظم ینگ لک شیناوترا کے دفتر کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے دن سے ان علاقوں میں نافذ ایمرجنسی ختم کردی جائے گی۔

ینگ لک شیناوترا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ '' عوام کو ہم پراعتماد ہیں کہ ہم موجودہ صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ بہت سی پارٹیوں کی طرف سے درخواست موصول ہونے کے بعد کابینہ نے متقفہ طور پر ہنگامی حالت ختم کرنے پر اتفاق رائے کیا''۔ تھائی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس ہنگامی حالت کے اختتام کا فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا ہے کہ ملک میں سیاحت اور اقتصادی شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔ خیال رہے کہ ینگ لک شیناوترا کو گزشتہ 4 ماہ سے شدید سیاسی مخالفت کا سامنا ہے۔ اسی دوران اپوزیشن اور عوام کی ایک بڑی تعداد بالخصوص دارالحکومت بنکاک میں ان کے خلاف مظاہرے بھی کرتی رہی تھی۔

مقبول خبریں