سعودی عرب سیلاب متاثرین کی حمایت جاری رکھے گا، سعودی ولی عہد کی وزیراعظم کو یقین دہانی

خالد محمود  جمعرات 22 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور 92ویں قومی دن کے موقع پر فرمانروا سمیت سعودی عوام کو مبارک باد پیش کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نے سعودی عرب کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے ولی عہد کو سیلاب کی صورتحال اور اس حوالے سے جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خادم الحرمین شریفین اور شاہ سلمان کے انسانی ہمدردی کے لیے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ایئر بریج کے قیام، اور پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کے لیے “سہیم” پورٹل کا آغاز پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے سعودی عرب کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافہ کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔