حصص مارکیٹ مندی کا شکار 110 پوائنٹس گرگئے

انڈیکس 27148 پوئنٹس پربند،217کمپنیوں کی قیمتیں کم، 48ارب کا نقصان،17 کروڑ 64 لاکھ حصص کے سودے


Business Reporter March 20, 2014
انڈیکس 27148 پوئنٹس پربند،217کمپنیوں کی قیمتیں کم، 48ارب کا نقصان،17 کروڑ 64لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

امریکی ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں حالیہ نمایاں اضافے کے نتیجے میں ٹیکسٹائل اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن میں کمی کے باعث ان شعبوں کے حصص میں فروخت کے دبائو اور شرح سود کم نہ ہونے سے پیدا ہونے والی مایوسی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج جمعرات کو اتارچڑھائو کے بعد مندی کا شکار ہوگئی جس سے انڈیکس کی 27200 کی حد دوبارہ گرگئی اور سرمایہ کاروں کے47ارب 88 کروڑ 27 لاکھ 71 ہزار 126 روپے ڈوب گئے۔

ٹریڈنگ کے دوران پی ایس او کی بہترین کارکردگی کے علاوہ سیمنٹ انشورنس اور بعض بینکوں میں محدود پیمانے پر خریداری کے سبب ایک موقع پر108 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن بعد ازاں تیزی بدترین مندی میں تبدیل ہوگئی جو213 پوائنٹس کی مندی تک جا پہنچی تھی لیکن غیرملکیوں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی 49 لاکھ63 ہزار605 ڈالر کی سرمایہ کاری سے مندی کی شدت کم ہوئی، کاروباری دورانیے میں مقامی کمپنیوں کی جانب سے 14 لاکھ62 ہزار188 ڈالر اور بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے 35 لاکھ1ہزار418 ڈالر کا انخلا بھی کیا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 110.16 پوائنٹس گھٹ کر 27148.52 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 142.12 پوائنٹس کی کمی سے 19339.15 اور کے ایم آئی30 انڈیکس265.60 پوائنٹس کی کمی سے 45210.36 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 24.10 فیصد کم رہا، 17 کروڑ 64 لاکھ 15 ہزار 970 حصص کے سودے ہوئے جب کہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ369 کمپنیوںتک محدود رہا جن میں 128 کے بھائو میں اضافہ، 217 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔