شہید صحافیوں کے ورثاکو10زخمیوں کو3لاکھ امداد دینے کا اعلان

میڈیا ورکرزکی انشورنس کیلیے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں سیل قائم کردیا ،سیکریٹری اطلاعات


Numainda Express March 21, 2014
قومی اسمبلی میں صحافیوں کے مطالبات کے حق میں قرار داد جمع کرادی ہے،خورشید شاہ فوٹو: پی پی آئی

وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ تمام شہید صحافیوں کے ورثاکو10لاکھ اور زخمیوں کو3لاکھ روپے کی مالی امداد اور میڈیا ہاؤسز اور پریس کلبوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ میڈیا ورکرز کی انشورنس کیلیے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں سیل قائم کردیا گیا ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے صحافیوں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات ڈاکٹر نذیر سعید نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلاعات پرویز رشید کی خصوصی ہدایات پر شہیدصحافیوں کے ورثاکو10لاکھ زخمیوں کو 3لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی ، سفارشات کا انتظار ہے اس کے بعد اگلے چند روز کے اندر مربوط سیکیورٹی پلان تیار کرکے شیئر اور عملدرآمد کیا جائے گا ، اْنھوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے یہ تحریری طور پر یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ قتل کیے گئے صحافیوں اوراْن پر تشدد کے مقدمات خصوصی عدالتوں میں چلائے جائیں جبکہ صحافیوں کے مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کرانے کیلیے خصوصی پراسیکوٹرزکو بھی تعینات کیا جائے گا۔ اْنھوں نے کہا کہ آئی ٹی این ای کے چیئرمین کیلیے 3 نام وزیر اعظم کو بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ ویج بورڈ کے چیئرمین کیلیے مالکان اورپی ایف یوجے کی جانب سے ناموں کا انتظار ہے۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے رابرٹ ڈیٹز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان میں صحافیوں پر ہو نے والے حملوں پر شدید تشویش ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ جس طرح فورسزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروںکو شہید یا زخمی ہو نے کی صورت میں مالی امداد دی جا تی ہے اْسی طرح میڈیا وزکرزکو بھی مناسب امداد فراہم کرنے کیلیے قانون سازی کی جائے ۔ اْنھوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں صحافیوں کے مطالبات کے حق میں قرار داد جمع کرا دی ہے جو کہ24مارچ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی اسے ہر صورت منظور کرایا جائے گا۔