پاکستان اور اس کے آئین کو نہیں مانتاہربیارمری

بلوچ آزاد تھے اور آزاد ہی ہوں گے، پاکستان نے بلوچستان پر قبضہ کیا ہوا ہے


Monitoring Desk March 25, 2014
بھارت،افغانستان یا بی ایل اے سے کوئی تعلق نہیں،پروگرام کل تک میں گفتگو فوٹو: فائل

لندن میں مقیم بلوچ سردار ہربیارمری نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور اس کے آئین کو نہیں مانتے پاکستان نے آزاد بلوچستان پر قبضہ کیا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے،میرا بھارت،افغانستان یاکسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں اگر کوئی ثبوت ہے تو سامنے لایا جائے۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ قائداعظم سے نواب بگٹی کی ملاقات ہوئی ہوگی وہ دوسرے بلوچوں سے بھی ملے ہوں گے لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ وہ اپنے آزاد ملک کوپاکستان کے حوالے کردیں،میرا بی ایل اے سے کوئی تعلق نہیں، میرابلوچوں سے رابطہ ہے میں دنیا کو بتا رہا ہوں کہ پاکستان بلوچوں پرکیا ظلم کررہا ہے پاکستان اور اس کی فوج بلوچستان میں جیٹ طیارے آرٹلری اور گن شپ ہیلی کاپٹرز استعمال کررہا ہے،اجتماعی قبروں سے سیکڑوں لوگوں کی لاشیں مل رہی ہیں میرے پاس ان کے ناموں کی فہرست بھی موجود ہے، ڈاکٹر عبدالمالک کو پاکستان اپنے مفاد کیلئی استعمال کررہا ہے،نوابوں بلوچوں اور سرداروں نے بلوچ عوام کو پہلے انگریزکا غلام بنایا اور پھر پاکستان کا غلام بنادیا ،چنگیزمری میرا بھائی ہے وہ پاکستان کے ساتھ ہے اس نے غلط فیصلہ کیا ،میں پاکستان کے اس لیے خلاف ہوں کہ پاکستان نے آزاد بلوچستان پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

بلوچ آزاد ملک تھے اور آزاد ہی ہوں گے،بلوچستان میں سب سے بڑا مسئلہ وہاں فوج کی موجودگی ہے،ہم اے پی سی میں نہیں جائیں گے یہ آزاد بلوچستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی،پاکستان بلوچوں کو دائمی غلام بناکررکھنا چاہتا ہے،نواب بگٹی کو پاکستان نے قتل کیا،میں ماماقدیرکی تحریک کا حصہ ہوں،میں ایک پولیٹیکل ایکٹویسٹ ہوں میں آزادی کی سوچ رکھتا ہوں اور اسی پر کام کرتا رہوں گا میرا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے میں صرف آزاد بلوچستان جاؤں گا،1948 میں یہ فیصلہ ہوگیا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ نہیں ہوں گے،زیارت میں قائد اعظم کا گھر نہیں تھا یہ بلوچستان کی سرزمین پر انگریزکا بنایا ہوا گھر تھا،جو بلوچ پاکستان کی پالیسی کی حمایت کررہے ہیں وہ غلط کررہے ہیں۔