وفاق کی تھر کیلیے امداد دعوؤں تک محدود ہے شرجیل میمن

صرف میڈیا کے ٹاک شوز اور اخبارات میں خبریں شائع کرانے سے امداد نہیں ہوتی


Staff Reporter March 27, 2014
وفاق نے اب تک جنھیں امداددی ہے انکے نام اور تعدادعوام کو بتائے، وزیراطلاعات سندھ۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: وزیراطلاعات وبلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تھرپارکرکے متاثرین کے لیے کیے جانے والے امدادکے اعلانات صرف کاغذی دعووں تک محدودہیں۔

اب تک ایک بھی متاثرکو ایک روپے کی امدادنہیں ملی۔ وفاقی حکومت اوران کے رہنماجو دعوے کررہے ہیں کہ امدادفراہم کی جاچکی ہے تووہ اس ملک کے عوام کو بتائیں کہ اب تک کتنے متاثرین کوامداد فراہم کی گئی ہے۔ بدھ کوجاری اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہاکہ صرف میڈیا کے ٹاک شوزاور اخبارات میںخبریں شائع کرانے سے امدادنہیں دی جاتی بلکہ امدادکی حقیقی فراہمی کے اقدام ہی تھرپارکرکے متاثرین کوریلیف فراہم کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ وفاق نے اگرامداد فراہم کردی ہے توجن متاثرین کواب تک امدادموصول ہوئی ہے ان کے نام اورتعداد عوام کے سامنے لائے۔ شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر کے 2 لاکھ 59 ہزار خاندانوں میں گندم کی ترسیل کی گئی ہے جبکہ تمام اسپتالوں اور بیسک ہیلتھ یونٹس میںڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف اوردوائیں بھی موجودہیں۔ انھوں نے کہاکہ اب تک تھرپارکرمیں جاری کام صرف سندھ حکومت کی جانب سے کیاجا رہاہے اورضرورت پڑی توسندھ حکومت اپنے ترقیاتی فنڈزمیں کٹوتی کرکے بھی اپنے متاثرہ بھائیوں کی مزیدامداد جاری رکھے گی۔ جب تک تھرپارکرمیں مکمل معمولات زندگی بحال نہیں ہوجاتے، ریلیف کاکام جاری رہے گا۔