پیپلزپارٹی کی قیادت کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں صدیق الفاروق

بلاول کو دھمکی آمیز خط ملا ہے، فواد چوہدری، جنوبی پنجاب میں احساس محرومی ہے، محمود الرشید


Monitoring Desk March 29, 2014
بلاول کو دھمکی آمیز خط ملا ہے، فواد چوہدری، جنوبی پنجاب میں احساس محرومی ہے، محمود الرشید۔فوٹو:فائل

مسلم لیگ ن کے ترجمان صدیق الفاروق نے کہا ہے پیپلزپارٹی کی قیادت کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

ایم کیو ایم کو بھی نہ صرف پنجاب میں جلسے کرنیکی اجازت بلکہ سیکیورٹی بھی فراہم کی تھی، ایکسپریس نیو زکے پروگرام تکرار میںمیزبان عمران خان سے گفتگو میں انہوں نے کہا بے نظیر پر پہلا حملہ کراچی میں ہوا تھا لیکن بعد میں ان کو راولپنڈی میں نشانہ بنایا گیا، اس دوران میاں نوازشریف بی بی کے ساتھ رابطے میں رہے پھر بی بی کی شہادت کے بعد سب سے پہلے نوازشریف ہی ہسپتال پہنچے تھے، جنوبی پنجاب میں مدارس کی کوئی حقیقت ہوتی تو عالمی ادارے اور نمائندے ضرور شور کرتے، پیپلزپارٹی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا بلاول بھٹو نے پنجاب کا دورہ ملتوی نہیں کیا وہ لاہور بھی آئیں گے اسلام آباد اور پشاور بھی جائیں گے ان کے دورے کی تاریخیں پہلے بھی حتمی نہیں تھیں اوراب بھی مشورے کے بعد فائنل کی جائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری کو دھمکی آمیز خط ملا ہے اور ایسا پہلی بار نہیں ہوا ان کو پہلے بھی دھمکیاں ملتی رہی ہیں، اس وقت 25 ہزار کے قریب مدارس موجود ہیں جن میں سے دوتہائی جنوبی پنجاب میں ہیں جہاں جہاں پر مدرسے ہیں چاہے وہ پاکستان کے کسی بھی شہریا صوبے میں ہیں وہاں سے دہشتگردی کے منصوبے بنتے ہیں،تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے کہا اگر بلاول بھٹو کو دھمکی آمیز خط ملا ہے تو یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے پیپلزپارٹی فیڈریشن کی پارٹی ہے اگر اس کو کسی ایک صوبے میں رکھا جائے تو اس سے صرف پارٹی کا ہی نہیں ملک کا بھی نقصان ہوگا، جنوبی پنجاب میں احساس محرومی ضرور ہے وہاں پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہمارے حقوق ہمیں نہیں مل رہے ۔