کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان مؤذن جاں بحق

پرانا گولیمار میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی


Staff Reporter November 21, 2022
فائل فوٹو

منگھوپیر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مؤذن جاں بحق ہوگیا جبکہ پرانا گولیمار میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق اتوار کی شب منگھوپیر کے علاقے خیرآباد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ حفیظ اللہ ولد کریم اللہ جاں بحق ہوگیا، حفیظ اللہ مقامی مسجد میں مؤذن کے فرائض سر انجام دیتا تھا۔

وقوعہ کے وقت وہ امن چوک کے قریب قائم کلینک میں دوا لینے آیا ہوا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار دو ملزمان پہنچے اور انھوں نے لوٹ مار شروع کر دی۔

ڈاکٹر سے رقم چھیننے کے بعد ملزمان نے اس سے لوٹ مار کرنا چاہی تو حفیظ نے مزاحمت کر دی جس پر ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں حفیظ اللہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، مقتول علاقے کا ہی رہائشی تھا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں پرانا گولیمار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 17 سالہ مذکر ولد ذوالقرنین دائیں ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

مقبول خبریں