چین کے تعاون سے 35 پاکستانی طلبا و طالبات ای کامرس کمپنی کے مالک بن گئے

عائشہ خان  پير 21 نومبر 2022
پاکستان اور چینی جامعات کے اشتراک سے 35 طلبا و طالبات کو ضروری ای کامرس کورس کرائے گئے جس کے بعد اب وہ اپنی کمپنی کے مالک بن چکے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان اور چینی جامعات کے اشتراک سے 35 طلبا و طالبات کو ضروری ای کامرس کورس کرائے گئے جس کے بعد اب وہ اپنی کمپنی کے مالک بن چکے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی.: پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سے کراچی میں 35 طلبا و طالبات نے ضروری تدریس کے بعد ای کامرس کمپنیاں کھولی ہیں اور وہ اب ان کے مالک بن چکے ہیں۔  

اس ضمن میں کراچی میں نوجوانوں میں چین کی کاروباری صلاحیت پیدا کرنے کے لیے ای کامرس سمیت مختلف کورسز کروائے گئے تھے۔ ہنان کیمیکل اینڈ ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کی مدد سے پہلا کورس داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ہوا جس کے نتیجے میں 35 طلباء ای کامرس کاروبار سیکھ کر بی آر آئی ای کامرس پلیٹ فارم پر اپنی بین الاقوامی کمپنیوں کے مالک بن گئے ہیں۔ نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کے ساتھ چینی مارکیٹ میں رسائی کا طریقہ سکھایا گیا اور نوجوانوں کو کم سرمائے سے آن لائن کاروبار کرنے کے گر سکھائے تھے۔

داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چین اور پاکستان کے درمیان “بیلٹ اینڈ روڈ” تعاون کو بہتر طور پر فروغ دینے کے لیے لانژو یونیورسٹی کے تعاون سے دوسرا ٹریننگ پروگرام بڑے پیمانے پر بھی شروع کروانے جارہے ہیں آن لائن ای کام بی آر آئی کلاسز کے لیے محکمہ تعلیم گانسو صوبہ اور لانژو یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سے نوجوانوں کی بے روزگاری کا خاتمہ اور ان کے لیے بیرون ملک میں روزگار کے مزید مواقع مہیا ہونگے اور پاکستان اور چین کے تعلیمی اداروں کے روابط اور مضبوط ہوں گے۔  چین کے اساتذہ عالمی سطح پر کاروبار کرنے کے طریقے سکھاتے ہیں جس سے چین اور پاکستان میں اقتصادی تعاون بڑھے گا۔

اس موقع پر ایجوکاسٹ کے بانی عبداللہ بٹ نے  ایکسپریس سے بات ہوئے کہا کہ اگلے 2 برس میں 10,000 ای کامرس پاکستانی نوجوانوں کو چینی کاروباری اداروں کے لیے تربیت دی جائے گی۔

سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 3 ماہ کے 3 کورسز جس میں ہر کورس میں 32 گھنٹے آن لائن اور 32 گھنٹے فزیکل کلاسز لے کر طلباء کامیابی سے بین الاقوامی سطح پر اپنی کمپنیوں کے مالک بن گئے اس پروگرام کو مزید آگے تک پھیلانے کیلئے ہم چاہتے ہیں تعلیمی ادارے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے طلباء میٹرک کی بنیاد پر آن لائن داخلہ لے کر چائنیز زبان کے ساتھ چائنا میں کاروبار ، چائنا کے قانون اور چائنا کے کلچر کو سیکھ سکتے ہیں۔ تربیت کی تکمیل کے بعد ہر ٹرینی کو فری لانس سیلز مارکیٹنگ کی صلاحیت بڑھ جائے گی اور وہ اپنا کاروبار چین میں بخوبی کر سکتے ہیں۔

داؤد یونیورسٹی کے میتھمیٹکس کے طالب علم محمود نے کہا 3 ماہ کے چائنیز پروگرام سے سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہے اب اپنی آن لائن کمپنی کا مالک ہوں اور جلد ہی اپنے نیٹورک کو بڑھاؤں گا جس سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔