پی ایف یو جے کا چیف جسٹس سے ارشد شریف قتل کیس کا ازخود نوٹس کا مطالبہ

 منگل 22 نومبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

صحافیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلیے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ارشد شریف قتل کیس میں تحقیقات کیلئے خط لکھ دیا، جس میں قتل کی تحقیقات کیلیے از خود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

پی ایف یو جے نے ارشد شریف قتل میں سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں کمیشن بنانے کی درخواست بھی کی اور لکھا کہ ارشد شریف کے قتل سے صحافی برادری گہرے صدمے میں ہے۔

خط میں سوال کیا گیا ہے کہ پوری قوم اس قتل سے جڑے سوالات کے جوابات چاہتی ہے،ہمیں مزید کتنے صحافی ساتھیوں کو کھونا پڑے گا؟

پی ایف یو جے نے خط میں لکھا کہ شہید صحافی ارشد شریف کی فیملی اور صحافی برداری کو عدالت عظمیٰ پر اعتماد ہے لہذا سپریم کورٹ صحافی برداری اور ارشد شریف کی فیملی کو انصاف فراہم کرے۔ پی ایف یو جے نے معاملے پر صاف اور شفاف تحقیقات کی استدعا کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔