اتحادی جماعتوں نے آرمی چیف کے تقرر کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا

خالد محمود  بدھ 23 نومبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: حکومتی اتحادیوں نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کا مکمل اختیار وزیر اعظم شہبازشریف کو سونپ دیاہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اتحادیوں کا مشاورتی اجلاس وزیر اعظم ہاﺅس میں منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اہم تعیناتیوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کو اہم تعیناتیوں سے متعلق اعتماد میں لیا۔

اجلاس میں پارٹی سربراہان اور رہنماؤں نے وزیراعظم کی بھرپور حمایت کی اور انکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا،۔تمام اتحادی جماعتوں نے آئینی تعیناتیوں کے حوالے سے فیصلے کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو سونپ دیا اور کہا کہ وزیراعظم آپ جو بھی فیصلہ کریں گے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ وزیر اعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور استحقاق آپ کو سونپا ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس عزت اور منصب سے نوازا ہے۔

صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہا اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس منصب پر بٹھایا ہے، یہ آپ کا آئینی حق ہے۔ ڈاکٹر خالد مگسی نے کہا آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔

چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا میاں صاحب، ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی نے کہا آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔

مزید پڑھیں: اہم تعیناتیوں کے لیے کل تک نام فائنل ہوجائیں گے، وزیر دفاع

اسلم بھوتانی نے کہا آئین کے تحت فیصلہ آپ کو کرنا ہے، ہم آپ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں، محسن داوڑ نے اپنے خطاب میں کہا اہم تقرریوں کا اختیار آپ کے پاس ہے اور آپ ہی اس کے مجاز ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

آفتاب احمد شیرپاﺅ کا کہناتھا اختیار آپ کا ہے، آپ نے ہم پر اعتماد کیا، ہم آپ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، شاہ زین بگٹی نے کہا دستور نے آپ کو ذمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر کہا تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا اتحادی جماعتوں کا اجلاس ون پوائنٹ ایجنڈا تھا ۔اہم عہدوں پر ہونیوالی تقرریوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں، آصف زرداری نے بھی مکمل یقین دہانی کروائی ہے،وزیراعظم نے مشاورت کرکے نئی روایت قائم کی ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تمام جماعتوں نے وزیراعظم کی تائید کی ہے کہ جو فیصلہ کریں گے وہی قابل قبول ہوگا،ہر مشکل گھڑی میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کیساتھ کھڑے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔