رفاہی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات، ایس بی سی اے کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم

کورٹ رپورٹر  اتوار 4 دسمبر 2022
2 کیسزمیں ڈی جی کو شوکاز نوٹس دے چکے ہیں،ہمیں سخت حکم جاری کرنے پرمجبورنہ کریں، جسٹس ندیم ۔  فوٹو : فائل

2 کیسزمیں ڈی جی کو شوکاز نوٹس دے چکے ہیں،ہمیں سخت حکم جاری کرنے پرمجبورنہ کریں، جسٹس ندیم ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے اورنگی ٹاؤن میں رفاہی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر ایس بی سی اے کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اورنگی ٹاؤن میں رفاہی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عمارت منہدم نہ کرنے پر عدالت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر برہم ہوگئی، عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیے آپ لوگ صرف پیٹ بھرنے کیلیے نوکری کرتے ہیں، جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس میں کہا کہ شہر میں سارا بگاڑ آپ لوگوں کی وجہ سے ہے۔

ایس بی سی اے کی ملی بھگت کے بغیر غیرقانونی تعمیرات نہیں ہوسکتیں درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ایس ٹی 2,، سیکٹر 3 پر کئی منزلہ غیر قانونی عمارت تعمیر کردی گئی ہے، عدالت نے ریمارکس دیے آپ کو اگست میں کارروائی کا حکم دیا تھا ابھی تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے نے کہا کہ مکینوں کو لیٹر لکھ دیا تھا جلد کارروائی کریںگے۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے آپ لوگوں کو صرف لیٹر لکھنے کی تنخواہ ملتی ہے؟ 2 کیسز میں ڈی جی کو شوکاز نوٹس دی چکے ہیں، ہمیں سخت حکم جاری کرنے پر مجبور نہ کریں، عدالت نے ایس بی سی اے کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔