سعود شکیل کے متنازع کیچ پر سوال اٹھنے لگے

فیصلہ مہنگا پڑا مگر ماننا پڑتا ہے، بابر اعظم


Sports Reporter December 13, 2022
سابق انگلش اور پاکستانی کرکٹرز حیران۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ملتان ٹیسٹ میں سعود شکیل کے متنازع کیچ پر سوال اٹھنے لگے۔

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز کھانے کے وقفے سے پہلے آخری اوور میں سعود شکیل 94 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ مارک ووڈ کی ایک گیند پر وکٹ کیپر اولی پوپ نے ڈائیو لگاتے ہوئے کیچ کیا، امپائر علیم ڈار نے سافٹ سگنل میں آؤٹ قرار دیتے ہوئے فیصلہ تھرڈ امپائر جو ولسن پر چھوڑ دیا۔

انھوں نے کئی بار ویڈیو دیکھ کر سعود شکیل کوآؤٹ قرار دیدیا، یوں بیٹر اپنے پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کرسکے اور پاکستان کی شکست کے آثار بھی نمایاں ہو گئے۔

پریس کانفرنس میں اس حوالے سے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل کا آؤٹ ہمیں مہنگا پڑ گیا، ہمیں لگا کہ بال زمین کے ساتھ ٹچ ہوا ہے لیکن امپائر کے فیصلے کو ماننا پڑتا ہے اور امپائر کا فیصلہ آخری فیصلہ ہوتا ہے۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ کیچ پر تھرڈ امپائر کا فیصلہ ہمارے حق میں گیا، ہمارے خلاف بھی جاسکتا تھا، یہ سب چیزیں کھیل کا حصہ ہیں۔دوسری جانب میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس کو متنازع کیچ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ شک کا فائدہ بیٹر کو دینا چاہیے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے لکھا کہ مجھے لگا تھا کہ میں نے گیند کا کچھ حصہ گراؤنڈ پر لگتا دیکھا،مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ آپ اس کا جواز پیش کر سکتے ہیں کہ گیند گلوز میں تھی مگر گلوز پوری طرح گیند کے نیچے نہیں تھے اور گیند کا کچھ حصہ گھاس کو چھو رہا تھا۔

ویب سائیٹ کرک انفو نے لکھا کہ کیا اولی پاپ کا کیچ کلین تھا،وقار یونس نے کہا کہ میرے خیال میں گیند زمین پر لگ گئی تھی، مجھے نہیں معلوم کہ تھرڈ امپائر نے ری پلے میں کیا دیکھا، کامران اکمل نے فیصلے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے لکھا ''میرے خیال میں یہ آؤٹ نہیں تھا۔

مقبول خبریں