برازیل نے ساؤ پاؤلو اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام روک دیا

ایک اور مزدور ہلاک، نئے معائنے تک عارضی گیلریوں کی تعمیر نہیں ہوگی،منتظمین


Sports Desk/AFP April 02, 2014
ایک اور مزدور ہلاک، نئے معائنے تک عارضی گیلریوں کی تعمیر نہیں ہوگی،منتظمین

برازیل نے ساؤ پاؤلو کے ورلڈ کپ اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام روک دیا، کورنتھیانز ارینا پر ایک اور مزدور ہلاک ہونے کے بعد نئے معائنے تک عارضی گیلریوں کی تعمیر نہیں ہوگی۔

ساؤپاؤلو اسٹیڈیم کی تعمیر میں اب تک3 جبکہ پورے برازیل میں ورلڈ کپ وینیوزکے تعمیراتی کاموں میں7 مزدور جان گنوا بیٹھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق برازیلین حکومت نے ساؤ پاؤلو کے ورلڈ کپ اسٹیڈیم پر ایک اور مزدور کی ہلاکت کے بعد 2 عارضی گیلریوں کی تعمیر کا کام روک دیا، میزبان اورکروشیا کے مابین ورلڈ کپ افتتاحی میچ کیلیے استعمال ہونے والے کورنتھیانز کلب اسٹیڈیم کا نیا معائنہ ہوگا۔ مزدور گذشتہ ہفتے26 فٹ بلندی سے گر کر ہلاک ہوگیا تھا، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نے حفاظتی لباس نہیں پہنا تھا جبکہ منتظمین نے اس کی تردید کردی ہے۔ گذشتہ نومبر میں2 مزدور ایک کرین کے گرنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

ریجنل لیبر ڈپارٹمنٹ نے کمپنی کی جانب سے حفاظتی جال نصب نہ کرنے تک2گیلریوں کی تعمیر کا کام روکنے کا حکام دیا ہے۔ دونوں گیلریوں میں 20 ہزار افراد بیٹھنے کی گنجائش اور آرگنائزرز اسٹیڈیم کو بروقت تعمیر کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ تعمیراتی کاموں کی کمپنی فاسٹ انجنیریا نے ایک بیان میں کہاکہ وہ حالیہ حادثے کے اثرات پر کسی قسم کے تبصرے سے قبل ایک ٹیکنیکل انسپیکشن کرے گی ۔ فیفا نے پہلے ہی ساؤپاؤلو وینیو کے تعمیر کی حتمی تاریخ میں اضافہ کردیا ہے، اب اسے نصف اپریل تک آرگنائزرز کے حوالے کیا جائیگا،اگرچہ ان کا کہنا ہے کہ کام مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ صدر فیفا سیپ بلاٹر نے گذشتہ جمعرات کو کہا تھا کہ اسٹیڈیم افتتاحی میچ کیلیے تیار ہوجائیگا۔ برازیلین حکام کو بھی اس بات پر پریشانی ہے کہ ورلڈ کپ اسٹیڈیمز میں اضافی گیلریوں پر خرچ ہونے والے تقریباً 26 ملین ڈالر کی ادائیگی کون کرے گا؟