ملک میں گزشتہ ہفتے آلو پیاز سمیت 15 اشیا مہنگی

انڈے، ٹماٹر،چینی، دال چنا، ایل پی جی، پٹرول، مٹی کا تیل، ڈیزل ودیگر6 اشیا کے دام کم ہوئے،پاکستان بیورو شماریات


Numainda Express April 05, 2014
23اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم، افراط زر کی ہفتہ وار شرح 0.03 فیصد گھٹ گئی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ملک بھر میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے 18 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لیے مہنگائی (افراط زر) کی شرح میں 0.09 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ 35 ہزار روپے سے زائد آمدن والے طبقے کے لیے افراط زر کی شرح میں 0.15 فیصد کمی ہوئی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی طرف سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے عمومی طور پر ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.03فیصد کمی ہوئی ہے تاہم سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 10.48 فیصد کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق 3 اپریل 2014کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 15اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں، جن 15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو، پیاز،زندہ مرغی، سرخ مرچ پائوڈر، دال ماش، دال مونگ، مٹن، تازہ دودھ اور گڑسمیت دیگر اشیا شامل ہیں جبکہ جن 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں انڈے، ٹماٹر، لہسن، چینی، دال مسور، دال چنا، ایل پی جی، پٹرول، مٹی کا تیل، ڈیزل،کھلا ویجی ٹیبل گھی اور آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔