منشیات فروش باپ اور 2 بیٹے گرفتار چرس سے لدا ٹریلر برآمد

7ہزار 250 کلو چرس یورپ اسمگل کی جانا تھی، گلشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات برآمد کرلی


Staff Reporter April 05, 2014
پولیس افسران پریس کانفرنس کے دوران گلشن اقبال سے ضبط کی گئی چرس صحافیوں کو دکھا رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

گلشن اقبال پولیس نے بین الصوبائی منشیات فروش باپ اور 2 بیٹوں کو گرفتار کر کے چرس سے لدا ہوا ٹریلر برآمد کرلیا جس کی مالیت 58 کروڑ روپے سے زائد جبکہ بین الاقوامی منڈی میں برآمد کی جانے والی منشیات کی مالیت ایک ارب 56 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

آئی جی اور کراچی پولیس کے سربراہ نے10 لاکھ روپے اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کردیا،تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایس پی گلشن اقبال تنویر حسین تنیو اور ایس ایچ او گلشن اقبال اورنگزیب خٹک کی کئی روز کی کاوشیں اس وقت رنگ لائیں جب انھوں نے خفیہ اطلاع پر پولیس پارٹی کے ہمراہ گلشن اقبال موتی محل کے قریب بغیر نمبر پلیٹ کے22 ویلر ٹریلر کو روک کر اس کی تلاشی لی تو اس میں سے اعلیٰ کوالٹی کی چرس بڑی مقدار میں موجود تھی جس پر انھوں نے ٹریلر پر سوار 3 ملزمان محمد اختر ولد نائب خان اور اس کے 2 بیٹوں حیات محمد اور اختر زیب کو گرفتار کر کے ٹریلر کو اپنے قبضے میں لے لیا ، منیر شیخ نے بتایا کہ پکڑی جانے والی چرس کا وزن7ہزار 250 کلو گرام ہے جس کی بین الااقوامی منڈی میں قیمت ایک ارب 56 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، پاکستان میں اس کی مالیت 58 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم محمد اختر نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ منشیات سے بھرا ہوا ٹریلر کیماڑی پہنچ کر رحیم نامی شخص کو فون کرنا تھا اور اس کے بتائے ہوئے مقام پر ٹریلر وہاں پر پہنچانا تھا، گرفتار ملزمان کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور برآمد کی جانے والی چرس بھی وہیں سے لائی گئی تھی،ملزم کے 2 بیٹے بھی اس کام میں ملوث ہیں جبکہ ملزم محمد اختر کا کہنا ہے پکڑے جانے والا ٹریلر اس کی ملکیت ہے ، ایس ایچ او گلشن اقبال اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ٹریلر کے انجن اور چیسز نمبر کی مدد سے اس کی اصل ملکیت کا سراغ لگایا جا رہا ہے جبکہ برآمد کی جانے والی چرس یورپ اسمگل کی جانا تھی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی وہ اپنے ٹریلر میں اسکریپ کی آڑ میں منشیات اسمگل کر چکا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون پر آنے اور کی جانے والی کالز کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے جبکہ موبائل فون میں محفوظ فون نمبرز کو بھی چیک کیا جا رہا ہے ، ایس پی گلشن اقبال تنویر حسین تنیو نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ موبائل فون نمبروں کی مدد سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے نیٹ ورک تک پولیس پہنچ گئی ہے اور اس حوالے سے اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں ، ایس پی اور ایس ایچ او گلشن اقبال کی اہم کامیابی کو آئی جی سندھ اقبال محمود اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے سراہتے ہوئے پولیس پارٹی کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ، پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔

مقبول خبریں